Friday, April 26, 2024

شہباز شریف کی وطن واپسی کو حکومتی ارکان نے آڑے ہاتھوں لے لیا

شہباز شریف کی وطن واپسی کو حکومتی ارکان نے آڑے ہاتھوں لے لیا
June 9, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کی وطن واپسی کو حکومتی ارکان نے آڑے ہاتھوں لے لیا۔ نعیم الحق، شہباز گل، فردوس عاشق اعوان نے تنقید کے تیر چلا دیئے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا محض شو بازیاں کرنے سے خادم اعلیٰ کا جعلی میڈل سینے پر نہیں سجایا جاسکتا۔ ہمیں شو بازیاں آتی ہیں نہ جعلی کام کرتے ہیں۔ ماضی کی خرابیاں ٹھیک کر رہے ہیں۔ سابق حکمرانوں نے ذاتی نمود و نمائش کے منصوبے بنائے جس کا فائدہ عوام کو نہیں ہوا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا شہباز شریف صاحب کو وطن واپسی پر جی آیاں نوں۔ شہبازشریف دو ہفتے کے ریلیف کو دو مہینے کی چھٹی میں تبدیل کرنے کے بعد واپس لوٹے۔ وہ لندن کی سڑکوں پر جیسے چلتے پھرتے نظر آئے اس سےلگتا نہیں کہ ان کو کوئی تکلیف ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت شہباز گل نے رد عمل میں کہا شہباز شریف لندن علاج کے نام پر گئے اور وہاں سازشوں، و سیاست میں مصروف رہے۔ صوبے میں کی گئی کرپشن پر شہبازشریف کو "لائف ٹائم کرپشن ایوارڈ" دینا چاہئے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے ٹویٹ داغا اور کہا لندن کے کیفے،ہائیڈ پارک میں چہل قدمی اور شاپنگ سے شہباز شریف کا ذہن ترو تازہ ہوگیا۔ امید ہےشہباز شریف قومی اسمبلی کے بجٹ سیشن میں مثبت اور تعمیری رویہ اختیار کریں گے۔ بابر اعوان نے شہباز شریف سے میڈیکل رپورٹس عدالت کے سامنے رکھنے کا مطالبہ کردیا۔ کہتے ہیں جن اسپتالوں پر 20 کروڑ عوام اعتبار کرتے ہیں، شریف خاندان  ان سے بھاگنے کی وجہ بتائے۔ دوسری جانب مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مخالفین پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف واپس آگئے، اب آپ کے گھبرانے کا وقت ہوا جاتا ہے۔ شہباز شریف کے آنے کے خوف سے عمران خان پہاڑوں میں چھُپ گئے اور آپ کے ترجمانوں کو سانپ سونگھ گیا ہے۔