Thursday, March 28, 2024

شہباز شریف کی ناراضی ختم کرنے کیلئے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات

شہباز شریف کی ناراضی ختم کرنے کیلئے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات
August 25, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) اپوزیشن کے رابطوں میں تیزی، قائدحزب اختلاف شہبازشریف جے یو آئی ف کے امیرمولانا فضل الرحمان کو منانے پہنچ گئے۔ گلے شکوے تحفظات دورکرنے کی یقین دہانیاں کرائیں ۔ میڈیا سے گفتگومیں شہبازشریف نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس ہوگی اورضرور ہوگی، ایک نجومی نے کہا تھاکہ یہ سال اچھا ہے۔ مولانا فضل الرحمن بولے عمران خان کو اس سال نااہلی اورنالائقی پرمین آف دی ایئرکا ایوارڈ دیا گیا ہے۔

اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی سربراہی میں مسلم لیگ ن کے وفد کی اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمن کی رہائشگاہ پہنچا ،  ذرائع کے مطابق شہبازشریف اورمولانا فضل الرحمن کی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا ۔ مولانا فضل الرحمن نے گلے شکوے کیے جس پرشہبازشریف نے حکومت مخالف تحریک میں ساتھ مل کر چلنے کا یقین دلایا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شہبازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کریں گے،انہوں نے مہنگائی پرحکومت کوآڑے ہاتھوں لیا۔۔

مولانا فضل الرحمن نے گیند چھوٹی اپوزیشن پارٹیوں کی کورٹ میں ڈال دی، بولے چھوٹی پارٹیوں سے مشاورت کے بعد ہی مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی سے رابطہ کریں گے۔

پریس کانفرنس کے اختتام پرجاتے جاتے شہبازشریف یہ بھی کہہ گئے کہ ایک نجومی نے کہا ہے کہ یہ سال اچھا ہے۔