Friday, May 17, 2024

شہباز شریف کی لندن روانگی کھٹائی میں پڑ گئی ، ایف آئی اے حکام نے لاہور ایئرپورٹ پر روک دیا

شہباز شریف کی لندن روانگی کھٹائی میں پڑ گئی ، ایف آئی اے حکام نے لاہور ایئرپورٹ پر روک دیا
May 8, 2021

لاہور (92 نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر اورقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرشہبازشریف کی لندن روانگی کھٹائی میں پڑ گئی۔ ایف آئی اے حکام نے شہباز شریف کو لاہور ایئرپورٹ پر روک لیا۔

ذرائع کے مطابق امیگریشن حکام نے شہباز شریف کو طیارے میں سوار نہ ہونے دیا اور کہا ہمارے سسٹم میں آپ ابھی تک بلیک لسٹ ہیں۔ شہبازشریف نے امیگریشن حکام کو بتایا لاہور ہائیکورٹ کا آرڈر ہے۔ عدالت نے ون ٹائم ٹریول کی اجازت دی۔ ایف آئی اے نے شہباز شریف کو روکنے کی وجوہات میں سسٹم کی اپ گریڈیشن نہ ہونا بتایا ۔ ایف آئی اے نے شہباز شریف کو روکنے کی تحریری وجوہات بھی دے دیں ۔ شہباز شریف ایئر پورٹ سے واپس اپنے گھر چلے گئے۔

ن لیگی رہنما عطاء تارڑ نے ایف آئی اے حکام کو لاہور ہائیکورٹ کا تحریری حکمنامہ بھی دکھایا۔

ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا عدالت کے تحریری احکامات کے باوجود نام ایک اور لسٹ میں شامل کرنا توہین عدالت ہے۔ ایف آئی اے عمران خان کے حکم پر توہین عدالت کر رہی ہے۔

عطاتارڑ نے کہا زلفی بخاری کا نام ای سی ایل سے ڈیڑھ گھنٹے میں نکال دیا گیا تھا ۔ شہبازشریف کی بار سسٹم اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا۔ عدالت کے احکامات کی پاسداری نہیں کی گئی۔ قانونی کارروائی کریں گے۔