Friday, May 10, 2024

شہباز شریف کی عدم حاضری پر احتساب عدالت لاہور کا اظہار برہمی

شہباز شریف کی عدم حاضری پر احتساب عدالت لاہور  کا اظہار برہمی
February 7, 2019
لاہور ( 92 نیوز) شہباز شریف  کی عدم پیشی پر احتساب عدالت لاہور نے برہمی کا اظہار کرتےہوے کہا کہ  آئندہ پیش نہ ہونےپر  اوپر حکم دیں گے ، رپورٹ کے مطابق وہ ٹھیک ہیں ، لگتا ہے  بستر میں پڑے پڑے بیمار ہو گئے ۔ احتساب عدالت میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی ، فواد حسن فواد اور احد چیمہ عدالت میں پیش ہوئے مگر شہباز شریف نہ آئے ۔ عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے استفسار کیا کہ شہباز شریف کیوں نہ آئے ، ڈی ایس پی اعزاز شاہ نے موقف اپنایا کہ  صحت کے مسائل اور پی اے سی کی میٹنگ کے باعث نہیں آسکے ۔ عدالت نےریمارکس دیے کہ انہیں اسلام آباد میں رہنےکی اجازت کس نے دی ہے؟، میڈیکل کی اجازت اس لئے نہیں دی تھی کہ وہ عدالت میں پیش ہی نہ ہوں، اس کا جواب اسٹیٹ دے پولیس تو صرف چوکیدار کا کام کرتی ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا شہباز شریف کو پیش کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے نیب کی نہیں ۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ پولیس کیا کرے وہ تو صرف اپنا آپ بچاتی ہے ۔ شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نےبتایا ان کے مؤکل کو ریڑھ کی ہڈی کا مسئلہ ہے،ڈاکٹروں نے لمبےسفر سے منع کیا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کیوں نہ اس ڈاکٹر کو ہی طلب کر لیا جائے،رپورٹ کے مطابق شہباز شریف ٹھیک تھے لگتا ہے بستر پر پڑے پڑے بیمار ہو گئے ہیں۔ رمضان شوگر ملز کیس سے متعلق عدالت نے استفسار کیا ابھی تک ریفرنس دائر کیوں نہیں کیا گیا ۔ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا ریفرنس منظوری کے لئے چیئرمین نیب کو بھجوا دیا ہے ۔ عدالت نے کہا کہ آج آشیانہ کیس میں فرد جرم عائد ہونا تھی،آئندہ سماعت پر شہباز شریف پیش نہ ہوئے تو اوپر حکم دیں گے،عدالت نے کیس کی مزید سماعت 18 فروری تک ملتوی کر دی۔