Thursday, May 9, 2024

شہباز شریف کی عبوری ضمانت خارج، نیب نے کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا

شہباز شریف کی عبوری ضمانت خارج، نیب نے کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا
September 28, 2020
لاہور (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت خارج ہونے پر ایک بار پھر گرفتار کرلیا گیا۔ نیب حکام نے ملزم شہباز شریف کو کمرہ عدالت  سے گرفتار کرلیا۔ لاہورہائی کورٹ کے جسٹس سردار احمد نعیم اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل بینچ نے عبوری ضمانت پر تفصیلی دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا۔ شہباز شریف کی درخواست ضمانت خارج ہونے پر ن لیگی کارکنان نے شدید احتجاج کیا۔ نیب کی ٹیم شہبازشریف کو لے کر نیب آفس پہنچ گئی۔ ذرائع کے مطابق شہبازشریف کو نیب میں ان کے پرانے کمرے میں رکھا جائے گا جہاں پہلے نیب کی زیر حراست رہ چکے ہیں۔ اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ میں دوران سماعت شہباز شریف نے دلائل دیتے ہوئے کہا میرے والد بڑے غریب کسان کے بیٹے تھے، قرضہ لیکر کام شروع کیا۔ اللہ کا کرنا ایسا ہوا 1970ء میں لوہے کا سب سے بڑا ادارہ بن گیا۔ ہمارے لوہے کے ادارے کو نیشنلائز کر دیا گیا۔ میرے والد نے کہا کہ ہم نے مرنا جینا یہیں ہے۔ شہباز شریف نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ والد نے 6 مزید فیکٹریاں لگائیں۔ بینکوں میں ہمیں انجینئرڈ ڈیفالٹ کروایا گیا۔ بزرگوں کی اتفاق فاؤنڈری بیچ کر 6ارب روپے ادا کر دیئے تھے۔ اپنی تنخواہیں اتفاق ٹرسٹ کو نہیں گلاب دیوی اسپتال کو عطیہ کیں۔ بلدیاتی انتخابات کیلئے مجھے گرفتار کرکے زبان بندی کرنا چاہتے ہیں۔ نیب کے صاحب یہاں موجود ہیں جنہوں نے کہا کہ تحقیقات میں آپ کی ضرورت نہیں۔