Saturday, May 11, 2024

شہباز شریف کی ضمانت منظور ہونے کے چار دن بعد اختلافی نوٹ حیران کن، مریم اورنگزیب

شہباز شریف کی ضمانت منظور ہونے کے چار دن بعد اختلافی نوٹ حیران کن، مریم اورنگزیب
April 18, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ، شہباز شریف کی ضمانت منظور ہونے کے چار دن بعد اختلافی نوٹ حیران کن ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا، عدالتی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ ضمانت منظور ہونے کا اعلان ہوا ہو لیکن تحریری حکمنامے پر دستخط نہیں ہوئے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان صاحب کو عوامی مسائل سے کوئی غرض نہیں، مسلط کردہ ٹولہ روز جھوٹ بولتا ہے، فروری کے بعد ایک بھی ہفتہ ایسا نہیں جس میں مہنگائی 13 فیصد سے کم ہوئی ہو۔

مریم اورنگزیب بولیں کہ رمضان میں یوٹیلیٹی اسٹور کے باہر رعائیتی قیمت پر چینی لینے کے لیے لوگوں کی لمبی قطاریں لگی ہیں۔ ایک چینی بھی شناختی کارڈ کے بغیر نہیں دی جارہی۔ چکن کی قیمت میں ایک سال میں 92 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ 35 روپے فی کلو والا آٹا 90 سے 100 روپے ہوچکا ہے۔ صرف اس ایک ہفتے میں مہنگائی میں 19 فیصد اضافہ ہوا۔

ترجمان (ن) لیگ نے کہا، عمران خان نے 3 سال میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا 14 ہزار ارب روپے قرضہ لیا، حفیظ شیخ نے اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا، حکومت کی ٹیکس کلیکشن ابھی تک مسلم لیگ ن کے دور تک نہیں پہنچی۔