Thursday, April 25, 2024

شہباز شریف کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس، دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات  کا جائزہ

شہباز شریف کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس، دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات  کا جائزہ
July 16, 2015
لاہور(92نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کالعدم تنظیموں پر چندہ، زکوٰۃ اور فطرانہ اکٹھا  کرنے پر پابندی عائد کردی گئی،وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کے چھٹے اجلاس میں کور کمانڈر لاہور نوید زمان ،صوبائی وزیر داخلہ کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ، ڈی جی رینجرز پنجاب عمر فاروق برکی ،جی او سی ٹین ڈویژن میجر جنرل سردار طارق امان،آئی جی پنجاب ،سیکرٹری داخلہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء کو صوبے میں امن و امان کے قیام خصوصاً مدارس کی جیو ٹیگنگ لاؤڈ اسپیکر کے استعمال اور وال چاکنگ کے خاتمے کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں اس موقف کا اعادہ کیا گیا کہ کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کا پوری قوت سے قلع قمع کیا جائے گا جبکہ دہشت گردوں، انتہاپسندوں، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا۔ اجلاس سے قبل کور کمانڈر لاہور نوید زمان نے وزیراعلی پنجاب سے ملاقات  کی۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ملک کی بقا کی جنگ ہے، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو پاکستان میں سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔ اس موقع پر کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نویدزمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے نیٹ ورک اور ان کے معاونین کے خلاف سکیورٹی ادارے کی کارروائی بلاتفریق جاری رہے گی۔