Friday, May 17, 2024

شہباز شریف کی جگہ احسن اقبال اور پارٹی کی سینئر قیادت آزادی مارچ میں شرکت کریگی

شہباز شریف کی جگہ احسن اقبال اور پارٹی کی سینئر قیادت آزادی مارچ میں شرکت کریگی
October 12, 2019
لاہور ( 92 نیوز) لاہور میں مسلم لیگ ن کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں شہباز شریف نے نواز شریف کا خط پڑھ کر سنایا۔ لاہور میں شہبازشریف کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہو اجس میں لیگی صدر نے نوازشریف کا خط پڑھ کر سنایا ،  خط میں آزادی مارچ کا روڈ میپ تحریر تھا ، نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو فضل الرحمان سے رابطہ کر کے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کردی۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی کمر درد کے باعث احسن اقبال اور سینئر پارٹی قائدین آزادی مارچ  شرکت کریں گے ، ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ شہباز شریف لاہورکی حد تک ریلی کی قیادت کریں گے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پارٹی نے نواز شریف کے خط کے مندرجات سے مکمل اتفاق کیا ہے، ہماراوفدکل مولانا سے ملاقات کرکے حکمت عملی ترتیب دے گا۔ رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال نے حکومت کو نشانے پرلیتے ہوئےکہا معیشت کو ڈوبتی ہوئی خیراتی معیشت بنا دیاگیا، صوبائی حکومتیں ناکام ہو چکی ہیں،وزیراعظم بہانے بہانے سے بیرون ممالک کے دورے کر رہے ہیں۔ اس دوران ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں شہبازشریف نے نوازشریف کے خط سے متعلق رہنماؤں سے مکالمہ کیا کہ نوازشریف کاحکم سرآنکھوں پر۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن میں تقسیم واضح ہو گئی ، اہم معاملات پر اہم فیصلوں کے لئے بلائے گئے اجلاس میں کئی اہم رہنماؤں نے شرکت نہ کی جس نے پارٹی میں پھوٹ  کے سوالات کو مزید تقویت بخش دی ہے ۔ آزادی مارچ میں شرکت سے متعلق اجلاس میں  پاکستان مسلم لیگ ن کے  رہم رہنما  ظفر الحق ، پرویز رشید اور محمد زبیر شریک نہ ہوئے ۔ ذرائع کے مطابق اہم رہنماؤں نے  اجلاس میں نہ بلانے کا شکوہ کیا ہے ۔ دوسری جانب چینل 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے  سابق گورنر سندھ  زبیر عمر نے کہا کہ  مجھے دعوت ملی تھی لیکن خود ہی شرکت سے معذرت کر لی ۔