Friday, April 19, 2024

شہباز شریف کی بلاول بھٹو اور فضل الرحمان سے ایف اے ٹی ایف بارے قانون سازی پر مشاورت

شہباز شریف کی بلاول بھٹو اور فضل الرحمان سے ایف اے ٹی ایف بارے قانون سازی پر مشاورت
July 29, 2020
 لاہور (92 نیوز) شہباز شریف کی بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں سینیٹ میں ایف اے ٹی ایف سے متعلق قانون سازی پر غور کیلئے متحدہ اپوزیشن کے سینیٹرز پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ قبل ازیں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے لاہور میں شہبازشریف اور مولانا فضل الرحمٰن سے علیحدہ،علیحدہ ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال اور اے پی سی کی ایجنڈے پر مشاورت کی گئی تھی ۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش مسائل پر ہمارا مکمل اتفاق ہے، عمران خان نیازی کی حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، اس حکومت کا مزید رہنا عوام کے لیے کسی بھی خطرے سے کم نہیں، بلاول بھٹو سے ہونے والی گفتگو میں اتفاق ہوا کہ عید کے بعد رہبر کمیٹی کی میٹنگ ہوگی۔ رہبرکمیٹی کی میٹنگ کا ایجنڈا اے پی سی میں لے کر جایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جتنا ملک کو نقصان پہنچایا اس کی 70سال میں مثال نہیں ملتی، مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے، دنیا میں کورونا کے بعد قیمتیں زمین بوس ہوگئیں، پاکستان میں کوویڈ کے دوران قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، اس کا حکومت کے پاس کوئی جواب نہیں، چینی 60 روپے کلو تھی، آج 100 روپے کلو پر پہنچ گئی ہے۔ اس موقع پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی صحت ہر پاکستانی کے لیے خوشی کی بات ہے، عمران خان کی حکومت تمام پاکستانیوں کے لیے خطرہ بن چکی ہے، تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں کہ اس سلیکٹڈ حکومت کو نکالنا پڑے گا۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی حکومت ہے جہاں آٹا، چینی اور تیل میں چوری ہو رہی ہے، جو کرپشن سکینڈل تحریک انصاف کی حکومت کے ساتھ نتھی ہورہے ہیں ان کی کوئی تحقیق نہیں ہورہی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے جتنے این آر او دیئے ماضی میں کسی حکومت نے نہیں دیئے۔ ہم مسلم لیگ ن کے ساتھ مل کر پاکستان کے عوام کے مسائل پر روشنی ڈال رہے ہیں۔ عید کے بعد رہبرکمیٹی کی میٹنگ اور اے پی سی سے عوام کے لیے خوشخبری نکلے گی۔