Thursday, April 25, 2024

شہباز شریف کی اوورسیز پاکستانیوں کیلئے قومی اسمبلی، سینیٹ میں مخصوص نشستوں کی تجویز

شہباز شریف کی اوورسیز پاکستانیوں کیلئے قومی اسمبلی، سینیٹ میں مخصوص نشستوں کی تجویز
June 26, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) اپوزیشن رہنماء شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں مخصوص نشستوں کی تجویز دیدی۔

شہباز شریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حق نمائندگی کا نیا فارمولا پیش کر دیا۔ انہوں نے کہا قومی اسمبلی میں 5 سے 7 اور سینیٹ میں 2 نشتیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے رکھی جائیں۔

اُنہوں نے کہا، نون لیگ جمہوری سوچ اور اصولوں کے تحت تارکین وطن کے لیے ووٹ کے حق کی حمایت کرتی ہے۔ سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے ہی مطلوبہ قانون سازی کی جا سکتی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ، بیرون ملک مقیم 80 لاکھ ہمارے پاکستانی بہن بھائی ہمارا قیمتی اثاثہ اور پاکستان کا فخر ہیں، جو ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔

اپوزیشن رہنماء بولے کہ، ہم چاہتے ہیں کہ اوورسیز کمیونٹی کے پاکستان میں درپیش تمام مسائل کا فوری، منصفانہ اور جائز حل ہونا چاہئے۔ ان کی جائدادوں کا قبضہ چھڑانے سمیت ان کے سرمایہ کے فروغ اور تحفظ تک تمام مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔

شہباز شریف نے کہا، مسلم لیگ (ن) اورسیز کمیونیٹی کو ایوانِ اقتدار میں حقِ نمائندگی دینے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ ہم بیرونِ ملک پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔