Tuesday, May 7, 2024

شہباز شریف کی احتساب عدالت پیشی ، لیگی رہنماؤں کی قیادت میں کارکنوں کی ہلڑ بازی

شہباز شریف کی احتساب عدالت پیشی ، لیگی رہنماؤں کی قیادت میں کارکنوں کی ہلڑ بازی
November 10, 2018
لاہور (92 نیوز) شہباز شریف کی احتساب عدالت لاہور میں پیشی کے موقع پر ن لیگی کارکن امن وامان کی صورتحال تباہ کرنے سے باز نہ آئے۔ لیگی رہنماؤں کی قیادت میں کارکنوں نے ہلڑ بازی کی۔ پولیس اہلکاروں کے ساتھ دھکم پیل کی گئی۔ آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کو نیب ٹیم احتساب عدالت لے کر پہنچی تو لیگی کارکنوں نے رہنماؤں کی قیادت میں خوب ہلڑ بازی کی۔ پولیس اہلکاروں نے امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کی ہرممکن کوشش کی تو دوسری طرف لیگی کارکن انتشار پھیلاتے رہے۔ کارکنوں نے شہباز شریف کی گاڑی کو بھی گھیرے میں لے لیا۔ بپھرے کارکنوں کو روکنا تو دور کی بات لیگی ایم پی اے خواجہ عمران نذیر اور غزالی سلیم بٹ خود احتساب عدالت میں گھسنے کی کوشش کرتے رہے۔ پولیس اہلکاروں کو دھکے بھی مارے گئے۔ ن لیگی رہنما کارکنوں کے ساتھ مل کر حکومت کے خلاف نعرے بھی لگاتے رہے۔ شہباز شریف کی گزشتہ پیشی پر بھی ن لیگی رہنماؤں اور کارکنوں نے احتساب عدالت کے باہر ہنگامہ آرائی کی تھی۔ پولیس اہلکاروں کو گملے اور بوتلیں بھی ماری تھیں۔