Sunday, May 12, 2024

شہباز شریف کی آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں درخواست ضمانت منظور

شہباز شریف کی آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں درخواست ضمانت منظور
April 22, 2021

لاہور (92 نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف کی آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں درخواست ضمانت منظور کر لی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے شہباز شریف کی درخواست ضمانت  پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ شہباز شریف منی لانڈرنگ کیس کے مرکزی ملزم ہیں۔ ابھی ایسے غیر معمولی حالات نہیں پیدا ہوئے جس بنیاد پر ملزم کو ضمانت دی جائے۔

 شہباز شریف کے وکلاء کا کہنا ہے ہمارا کہیں نام نہیں، کسی گواہ نے شہباز شریف کا نام نہیں لیا۔

عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا آپ نے تفتیش کی کہ کس جگہ پر کک  بیک لیے  کس جگہ کرپشن کی؟شہباز شریف کے وکلا نے نکتہ اٹھایا کہ کہ شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر رہائی کی استدعا کی گئی۔ ریفرنس خارج کرنے کی درخواست دائر نہیں کی۔ ریفرنس سے بری ہونے کی صورت میں ایسی صورت نہیں ہے جس سے شہباز شریف کی قید کا ازالہ کیا جا سکے۔

 بنچ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد متفقہ فیصلہ سنایا اور جسٹس سرفراز ڈوگر کے فیصلے سے اتفاق کیا۔ عدالت نے اپوزیشن لیڈر کو 50 ،50 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کر دی۔

میڈیا سے بات چیت میں مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ملک میں صرف انتقام اور بربادی کی گئی۔ سلیکٹڈ حکمرانوں کے دن گنے جا چکے۔

 چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس قاسم خان نے  شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر دو رکنی بنچ کا اختلاف سامنے آنے کے بعد تین رکنی فل بنچ تشکیل دیا تھا۔