Thursday, May 9, 2024

شہباز شریف کو بھائی سے وفاداری کی سزا ملی، مریم نواز

شہباز شریف کو بھائی سے وفاداری کی سزا ملی، مریم نواز
September 28, 2020
لاہور (92 نیوز) رہنماء مسلم لیگ ن مریم نواز کہتی ہیں کہ شہباز شریف کو بھائی سے وفاداری کی سزا ملی، شہباز شریف نے بھائی کے خلاف جانے کی بجائے جیل جانے کو ترجیح دی۔ مسلم لیگ ن میں مختلف خیالات کے لوگ ہیں۔ مریم نواز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج بہت ہی افسوسناک دن ہے، لیڈرآف دی اپوزیشن کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے، مجھے گرفتار کیا گیا لیکن ڈیڑھ سال بعد بھی ریفرنس نہیں بنا، مجھ سے تحقیقات کے کام پر پوچھا جاتا تھا کہ ہم گھر پر کیا کھاتے ہیں اور کیا پہنتے ہیں۔ نون سے شین نکالنے والوں کی چیخیں نکل گئیں۔ میاں صاحب کے بیانیے کا بوجھ اٹھانا ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بیوی اور بیٹوں کو اشتہاری بنا دیا گیا، میرے بھائی حمزہ شہباز کو 13 مہینے ہوگئے وہ جیل میں ہے، اِن پر کوئی جرم ثابت نہیں ہوسکا اس کے باوجود اسے جیل میں رکھا گیا ہے۔ کہا کہ شہبازشریف نے کہا آپ نے مجھے گرفتار کرنا ہے کرلیں لیکن نوازشریف کی تقریر اور اے پی سی کے اعلامیہ پر 100 فیصد عمل ہوگا۔ شہبازشریف نے صاف طور پر کہا کہ نوازشریف نے اپنی تقریر میں کوئی غلط بات نہیں کی، شہبازشریف کو کسی الزام کے تحت گرفتار نہیں کیا گیا۔ ن لیگی رہنماء نے کہا کہ نیب کے حوالے سے عدالت کے ریمارکس کے بعد کسی شک و شبہ کی گنجائش نہیں رہ جاتی۔ نیب کو نہ بی آرٹی نظر آتی ہے اور نہ حکومتی وزراء کی کرپشن نظر آتی ہے، جہانگیر ترین کو بڑے آرام سے ملک سے فرار کرادیا گیا۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ نوازعوام کی نظر میں شہبازشریف صرف متبادل نہیں بلکہ واحد چوائس ہیں۔ مسلم لیگ ن کے پاس بہت سے آپشنز ہیں، مسلم لیگ ن کے پاس استعفوں کے ساتھ لانگ مارچ کا بھی آپشن ہے۔ نوازشریف سے کیے جانے والے دس سوال بھی مذاق ہیں اور انہیں کرنے والا بھی مذاق ہے۔ میں ایسی باتوں کا جواب بھی دینا پسند نہیں کرتی۔