Wednesday, April 24, 2024

شہباز شریف کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، رانا ثناء

شہباز شریف کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، رانا ثناء
June 2, 2020
لاہور (92 نیوز) ن لیگی رہنماء رانا ثناء اللہ کہتے ہیں شہباز شریف کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، گرفتاریوں سے کبھی نہیں ڈرے۔ لاہور ہائیکورٹ میں رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گرفتاریاں کرنے والے تھک جائیں گے، ہم اپنے مؤقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، شہباز شریف نے ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کی ہے، نیب میں پیش ہونے سے پہلے ہائیکورٹ میں  پیش ہوں گے۔ ن لیگی رہنماء بولے کہ اپوزیشن کے بنیادی حقوق کو سلب کیا جا رہا ہے، شہباز شریف نے 10 سال تک پنجاب کی خدمت کی، 10 سال دیانتداری کے ساتھ اس ملک کی خدمت کی ہے، پنجاب کا بجٹ میگا پراجیکٹ پر استعمال کیا گیا ہے، ایک روپے کی بھی کرپشن نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ 29 ارب کی سبسڈی کو گھمایا جا رہا ہے۔ معاملہ نہ 29 ارب کا ہے نہ 2 ارب کا ہے یہ معاملہ 150 ارب سے 300 ارب کے ڈاکے کا ہے، ای سی سی نے ہر 15 دن بعد چینی اور آٹے کی قیمت پر نظر رکھنی ہوتی ہے، 13 مہینے ڈاکہ مارا جاتا رہا اور یہ لوگ خاموش رہے۔