Wednesday, April 24, 2024

شہباز شریف کو 10 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا گیا

شہباز شریف کو 10 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا گیا
October 6, 2018
لاہور ( 92 نیوز)احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ کرپشن اسکینڈل میں گرفتار شہبازشریف کو 10 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ، نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دئیے کہ شہبازشریف نے اختیارات سے تجاوز کیا، ٹھوس شواہد موجود ہیں، شہباز شریف کے وکلا کا کہنا تھا کہ نیب حکام نے اختیارات سے تجاوز کیا۔ احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار شہبازشریف کو دس روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا، آشیانہ ہاؤسنگ کرپشن اسکینڈل کی سماعت احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے کی۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کیا کہ شہبازشریف نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے آشیانہ اقبال کا کنٹریکٹ لطیف اینڈ سنز سے منسوخ کر کے کاسا ڈویلپرز کو دیا، سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی غفلت سےقومی خزانے کو چار ارب روپے کا نقصان پہنچا۔ نیب پراسیکیوٹر کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹرز کے احکامات کو ہر طرح سے بائی پاس کیا گیا ، فواد حسن فواد اور احدچیمہ سے دوران تفتیش اہم معلومات ملیں، پوچھ گچھ کےدوران شہبازشریف مطمئن نہیں کر سکے ۔ شہبازشریف نے عدالت میں کہا کہ مقدمہ سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا، ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، اپنی نیند اور صحت خراب کی، قوم کے اربوں روپے بچانے کا یہ صلہ دیا گیا ۔ شہبازشریف کے وکلاء کا کہنا تھا کہ نیب حکام نے اختیارات سے تجاوز کیا ۔ شہبازشریف کو سخت سیکیورٹی میں نیب لاہور آفس سے  عدالت لایا گیا، ریمانڈ ملنے کے بعد سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو دوبارہ نیب لاہور آفس منتقل کردیا گیا۔ بکتربند گاڑی میں سوار ہوتے ہوئے شہبازشریف توازن کھو بیٹھے، ان کا پاؤں لڑکھڑا گیا، جس پر کارکنوں نے انہیں سہارا دے کر گاڑی پر سوار کیا۔ نیب آفس منتقلی کے بعد شہبازشریف کو گھر سے بھجوایا گیا کھانا پیش کیا گیا،ان کے لئے کھانے کے ساتھ پھل بھی بھجوایا گیا تھا۔