Saturday, April 20, 2024

شہباز شریف کمرے سے باہر نکلیں تو انہیں حقائق کا پتہ چلے، فیاض چوہان

شہباز شریف کمرے سے باہر نکلیں تو انہیں حقائق کا پتہ چلے، فیاض چوہان
May 26, 2020
لاہور (92 نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض چوہان کہتے ہیں کہ شہباز شریف کمرے سے باہر نکلیں تو انہیں حقائق کا پتہ چلے، سارا ملک "کورونا سے ڈرنا نہیں، لڑنا ہے" کے نعرے پر عمل پیرا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے شہباز شریف کی حکومت پر تنقید پر ودعمل میں کہا کہ شہباز شریف دبنگ بننے کے بجائے ملنگ بن کر ڈرائنگ روم میں ماسک لگائے بیٹھے ہیں، کمرے سے باہر نکلیں تو انہیں حقائق کا پتہ چلے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پوری حکمتِ عملی سے کورونا بچاؤ اقدامات کر رہی ہے۔ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب فروری سے کورونا کے خلاف بہادری سے جنگ لڑ رہا ہے۔ آج پنجاب میں یومیہ ٹیسٹنگ کیپسٹی 5000 تک پہنچ چکی ہے۔ وزیراعلیٰ بزدار کی ہدایت پر نو لیبارٹریز کو بی ایس ایل تھری لیول پر اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں وافر قرنطینہ مراکز اور آئسولیشن وارڈز قائم کیے گئے ہیں، فی الحال ملک بھر میں دستیاب وینٹی لیٹرز میں سے 17 فیصد زیر استعمال ہیں، شہباز شریف بتائیں، مسلم لیگ ن کا اب تک کورونا کے خلاف کیا کردار رہا ہے۔ ابھی تک ن لیگ نے ایک آنے دھیلے کا خرچہ کورونا کے حوالے سے نہیں کیا۔ بطور اپوزیشن لیڈر قوم کو اس مشکل وقت میں لیڈ کرنا آپ کا فرض بنتا تھا۔ انہوں نے ابھی تک اپنی بے عملی سے قوم کو شدید مایوس کیا ہے۔