Saturday, May 4, 2024

شہباز شریف کراچی میں سرگرم ، مرحوم سیاستدانوں کے گھر جا کر تعزیت کی

شہباز شریف کراچی میں سرگرم ، مرحوم سیاستدانوں کے گھر جا کر تعزیت کی
August 28, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کراچی میں مصروف دن گزارا۔ انتقال کر جانے والے سینئر سیاستدانوں کے گھر گئے اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔

شہباز شریف سب سے پہلے باتھ آئی لینڈ میں سابق صدر مملکت ممنون حسین کے گھر گئے۔ ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی، تعزیت کا اظہار کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ انہوں نے کہا ممنون حسین باکمال شخص اور پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے۔ ملک و قوم، جمہوریت اور پارٹی کے لئے ان کی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔

شہباز شریف ڈیفنس میں ممتاز بھٹو کی رہائشگاہ بھی گئے۔ ممتاز بھٹو کے انتقال پر ان کے بیٹے امیر بخش بھٹو سے تعزیت کی ، کہا کہ ممتاز بھٹو نے قومی اور سندھ کی سیاست میں اہم کردار ادا کیا۔

شہبازشریف نے جلال محمود شاہ سے بھی ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ انہوں نے جی ایم سید کے بڑے بیٹے اور جلال محمود شاہ کے تایا امیر حیدر شاہ کے انتقال پر تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی، کہا کہ امیر حیدر شاہ سندھ کے ایک اہم اور متحرک سیاسی خانوادے کی میراث کے وارث تھے۔

شہبازشریف نے راجہ ہاوس میں حروں کے روحانی پیشوا پیرپگارا سے ملاقات کی۔ انہوں نے پیرپگارا سے والدہ اور اہلیہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان سیاسی صورت حال پر بھی مختصر گفتگو ہوئی۔