Friday, April 19, 2024

شہباز شریف کا پٹرولیم اور ایل پی جی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ

شہباز شریف کا پٹرولیم اور ایل پی جی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ
October 1, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا پٹرولیم میں 4 سے 8 اور ایل پی جی مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔

شہبازشریف کا اپنے ردعمل میں کہنا تھا عمران نیازی آئی ایم ایف چلے گئے اور عوام کو خودکشی پر مجبور کر دیا ہے۔ مہنگائی کے ہفتہ وار بم گرا کر عوام سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا گیا ہے۔ حکومت مہنگائی کی چھری سے عوام کا گلا اور جیب کاٹ رہی ہے۔

اپوزیشن رہنماء نے کہا حکومت اندھا دھند مہنگائی کرتی ہے اور پھر کہتی ہے کہ عوام خوشحال ہو رہے ہیں۔ ان لوگوں نے قوم کو 46 روپے لٹر پٹرول دینے کے سبز باغ دکھائے۔ ظالم حکمرانوں سے نجات سے ہی مہنگائی کا طوفان روکا جاسکتا ہے۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف بولے کہ پٹرولیم اور ایل پی جی مصنوعات میں اضافے کا مطلب آٹے چینی بجلی گیس سمیت ہر چیز کی قیمت بڑھانا ہے۔ کہا کہ عوام دو وقت کی روٹی سے محتاج ہو چکے، عوام کی بس ہوچکی رحم کیا جائے، یہ ظلم وہ مزید برداشت کرنے کے قابل نہیں۔