Saturday, May 11, 2024

شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل نہیں کیا گیا ، شیخ رشید احمد

شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل نہیں کیا گیا ، شیخ رشید احمد
May 15, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل نہیں کیا گیا۔

وزیر داخلہ کی جانب سے جاری ایک ویڈیو بیان میں بتایا گیا ہے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا نام ابھی تک ای سی ایل میں نہیں ڈالا گیا کیونکہ اپوزیشن لیڈر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے کابینہ کو بھجوائی سمری واپس نہیں آئی۔ منظوری کے بعد سمری کابینہ ڈویژن سے پیر یا منگل کو آ سکتی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ یہ ایسا کیس ہے جس میں 14 ملزم پہلے ہی ای سی ایل پر ہیں۔ اس کیس میں شہباز شریف کے خاندان کے پانچ ملزم پہلے ہی مفرور ہیں اور خود شہباز شریف اپنے بھائی نواز شریف کے ضمانتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف براہ راست لندن نہیں جا رہے تھے۔ انہوں نے پہلے قطر میں 15 دن قرنطینہ کرنا تھا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے پاس شہباز شریف کی کوئی میڈیکل رپورٹ نہیں آئی۔ کابینہ کی سمری واپس آنے کے بعد وزیر داخلہ و وزیر قانون ای سی ایل میں نام شامل کرنے کے حوالے سے قانون کے مطابق فیصلہ کریں گے۔ عوام کو پیر یا منگل تک انتظار کرنا ہو گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عید کی چھٹیوں اورلاک ڈوان میں پاک فوج، این سی او سی اور پولیس نے ایس او پیز پرعملدرآمد کروایا۔ عوام نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایس او پیز پر عملدرآمد کیا۔ پاکستان میں کورونا کی شرح کم ہونا شروع ہو گئی ہے۔ ہندوستان میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد روزانہ ساڑھے چار لاکھ تک پہنچ گئی۔ انہوں نے پاکستان کے تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔