Friday, April 19, 2024

شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی نیب کی اپیل خارج

شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی نیب کی اپیل خارج
October 27, 2020

اسلام آباد (92 نیوز)سپریم کورٹ نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف  کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق نیب کی اپیل خارج کر دی۔جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ جب یہ درخواست دائر کی گئی تھی اس وقت صورتحال مختلف تھی ،  نیب جس کا نام ای سی ایل میں ڈالنا چاہتا ہے ،وہ ملک کی نامور شخصیت ہے۔

جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں بینچ نے سماعت کی ، ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب جہانزیب بھروانا پیش ہوئے ، نیب کے وکیل نے دلائل دیے کہ اکثر ملزمان ای سی ایل میں  نام نہ ہونے کی وجہ سے فرار ہو جاتے ہیں،  انکوائری کے مراحل میں مختلف مقدمات کے 6 ملزمان ملک سے بھاگ  چکے ہیں ، ملزم شہباز شریف پر آمدنی سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے، ملزم منی لانڈرنگ میں بھی ملوث ہے۔

جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے کہ مشکوک ٹرانزیکشنز کرپشن کے زمرے میں نہیں آتیں،

جسٹس فائز عیسیٰ کیس میں عدالت اینٹی منی لانڈرنگ قوانین کی تشریح کر چکی، نیب نے جسٹس فائز عیسیٰ کیس کا فیصلہ پڑھنے کی زحمت بھی نہیں کی۔

نیب پراسیکیوٹر نے دلائل میں کہا کہ نیب بھی اینٹی منی لانڈرنگ قانون کے تحت بااختیار ہے ، جس پر جسٹس منیب اختر نے کہا کہ معلوم ہے کہ احتساب عدالت کے پاس دائرہ اختیار ہے، نیب نے انکوائری کے دوران ہی نام ای سی ایل میں شامل کر دیا۔

جسٹس منیب اختر نے استفسار کیا کہ ای سی ایل سے نام نکلنے کے بعد کیا شہباز شریف فرار ہوئے؟ ، شہباز شریف ایسے شخص تو ہیں نہیں جنہیں کوئی جانتا نہ ہو اور فرار ہوگئے ہوں۔ عدالت نے نیب اپیل مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ نیب پراسیکیوٹر ہائی کورٹ فیصلے میں سقم کی نشاندہی نہیں کرسکے۔