Friday, March 29, 2024

شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے پر بھی غور کر رہے ہیں ، شبلی فراز

شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے پر بھی غور کر رہے ہیں ، شبلی فراز
June 3, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے پر بھی غور کر رہے ہیں۔ شبلی فراز نے پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔ شبلی فراز نے کہا شہباز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی جائیگی کیونکہ ان کیخلاف واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا معیشت کے ٹڈی دل بہت ایکٹیو ہیں۔ حادثاتی سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بہت بیانات دے رہے ہیں ۔ شہباز شریف اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے آتے نہیں ہیں۔ شبلی فراز نے کہا احسن اقبال کو چاہیے قوم کا وقت ضائع کرنے کے بجائے ٹڈی دل کی فصلوں میں ڈھول بجائیں۔ یہ کرونا کے پیچھے چھپتے ہیں ان کا مقصد معیشت کو تباہ کرانا ہے۔ یہ لوگ پاکستان میں مال بنانے آتے ہیں۔ اپوزیشن سے یہ درخواست ہے کہ ابھی بھی ہوش کے ناخن لیں۔ ان کے خلاف احتساب رکنے والا نہیں ہے۔ عمران خان ہر اس مافیا کو بے نقاب کریں گے جس نے اس ملک کو تباہ کیا۔ فرخ حبیب نے کہا ملک کو لوٹنے والوں کے چہروں پر احتساب کا خوف عیاں ہے۔ عمران خان وہ واحد وزیراعظم جس کا اپنا یا خاندان کا کوئی کاروبار نہیں۔ شہباز شریف کے خاندان کے اثاثوں میں ٹی ٹیز کے ذریعے 800 گنا اضافہ ہوا۔ فرخ حبیب کا کہنا تھا شاہد خاقان عباسی کو آبائی حلقے مری کے لوگوں نے مسترد کر دیا تھا۔ شریف خاندان ملک میں جعلسازی کی سب سے بڑی فاونڈری ہے۔ انہوں نے کہا عمران خان کرپشن کے خلاف ڈٹ کر کھڑا ہے۔ عمران خان لوٹی ہوئی دولت ان کی جیبوں سے نکال کر عوام کو واپس دیں گے۔