Friday, April 26, 2024

شہباز شریف کا سکندر سلطان راجہ کو خط ، ڈسکہ الیکشن چوری میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

شہباز شریف کا سکندر سلطان راجہ کو خط ، ڈسکہ الیکشن چوری میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
November 26, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو خط لکھ کر ڈسکہ الیکشن چوری میں ملوث افسران اور عملے کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پس پردہ رہ کر انتخابی دھاندلی کرانے، غیرقانونی ہدایات دینے والے وفاقی و صوبائی حکومت کے ذمہ داروں اور الیکشن عملے و افسران کے خلاف الیکشن ایکٹ کے سیکشن 191 ، سیکشن 184، 186 اور187 کے تحت سزا کا عمل شروع کیا جائے۔

 شہبازشریف  نے کہا ہے کہ این اے 75 سیالکوٹ پانچ (ڈسکہ) ضمنی الیکشن پر فیکٹ ٹو فائنڈنگ رپورٹس میں پریذائیڈنگ افسران، انتخابی عملہ، ڈی سی اور ڈی پی او سیالکوٹ مس کنڈکٹ اور غیرقانونی سرگرمیوں کے مرتکب پائے گئے۔ رپورٹ سے یہ بھی ثابت ہوا کہ سرکاری افسر کی رہائش گاہ پر حکومتی اہلکاروں کے ساتھ مسلسل اجلاس ہوتے رہے ۔ ملاقاتوں میں ایک مشیر وزیراعلی اور وزیراعلی سیکریٹریٹ کا افسر بھی شریک ہوتے رہے ۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہا ہے کہ انتخابی دھاندلی اور ووٹ چوری سے پاکستان کے جموری نظام پر دھبہ لگا ہے ۔ سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے ایکٹ، رولز، ضابطہ اخلاق، طریقہ ہائے کار میں ترامیم کی جائیں تاکہ آئندہ ڈسکہ جیسی بے ضابطگیاں نہ ہوں۔