Thursday, April 18, 2024

شہباز شریف کا سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کم ازکم 10 فیصد اضافے کا مطالبہ

شہباز شریف کا سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کم ازکم 10 فیصد اضافے کا مطالبہ
June 14, 2020
 لاہور (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں دس فیصد اضافے کا مطالبہ کر دیا۔ شہباز شریف نےکہا سرکاری ملازمین بالخصوص کم اسکیل کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنا ناقابلِ قبول ہے۔ کسانوں کی مدد کے لیے کسی پروگرام کا بجٹ میں ذکر تک نہیں۔ موجودہ حکومت کسان اور زراعت کے لئے اقدامات میں بھی بری طرح سے ناکام ہوئی ہے۔ ادھر شہباز شریف کی بجٹ تنقید پر ڈاکٹر شہباز گل نے ردعمل دیتے ہوئے کہا وزیراعظم کا وژن ہے کہ سرکاری ملازمین کو اچھی تنخواہ ملنی چاہیے۔ وزیراعظم کو سرکاری ملازمین کی مشکلات کا احساس ہے۔ معیشت کورونا کے باعث دباؤ کا شکار ہے ۔ حالات کے بہتر ہوتے ہی سرکاری ملازمین کو ریلیف دیا جائے گا۔ شہباز گل کا کہنا تھا ن لیگ اپنے دور میں کوئی ایک سرکاری ادارہ ٹھیک نہ کر سکی۔ کوئی شہباز شریف کو بتائے کہ صحت کا بجٹ آپ کے دور سے دو گنا ہو چکا ہے۔ کوئی انکو جگائے کہ انفلیشن سنگل ڈیجٹ میں آ چکی ہے۔ انکو ہوش میں لائیں کہ پٹرول کی قیمتیں خطے میں سب سے کم ہو چکی ہیں۔ ان کو یہ بھی بتائیں کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے سے مہنگائی میں مزید کمی ہو گی۔ شہباز گل نے کہا انکو کوئی بتائے حکومت نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 73 فیصد کمی کی۔ یہی بات آپکو حیران کر رہی ہے کہ ان حالات میں ایسا بجٹ کیسے آ گیا۔ اگر بجٹ پڑھا ہوتا تو پوچھنا نہ پڑتا کہ معاشی تحریک کے اقدامات کہاں ہیں۔ اپنے دور میں کسان سے 120 روپے من گنا ہتھیانے والے کسان کے کتنے ہمدرد ہیں عوام جانتی ہے۔ جنہیں عوام مسترد کر چکی وہ عوامی بجٹ کو مسترد کر کے غم غلط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔