Saturday, May 4, 2024

شہباز شریف پھر نیب کے ریڈار پر، کل طلب

شہباز شریف پھر نیب کے ریڈار پر، کل طلب
April 17, 2020

لاہور ( 92 نیوز) شہباز شریف پھر نیب کے ریڈار پرآگئے ، منی لانڈرنگ کیس میں کل طلبی ، اپوزیشن لیڈر سے وراثت میں ملنے والی جائیداد کی تفصیلات طلب کی گئیں ، نیب لاہور نے بیرون ملک اثاثوں اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی مانگ لیں، فیملی کو دیے اور ملے تحائف کے بارے میں بھی آگاہ کرنے کا کہا گیا۔

مسلم لیگ ن کی مشکلات ہیں کہ کم ہونے کا نام نہیں لے رہیں!، منی لانڈرنگ کیس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو ایک مرتبہ پھر نیب کا بلاوا آ گیا ، ذرائع کے مطابق شہباز شریف سے وراثت میں موصول ہونے والی جائیداد کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں، شہباز شریف سے پوچھا گیا کہ 1998 سے 2018 میں فیملی کے اثاثے 23.367 ملین بڑھ کر 3.549 بلین کیسے ہوئے؟۔

پبلک آفس ہولڈر ہونے کی حیثیت سے ان اثاثوں میں اضافہ کیسے ہوا؟ اس کی وضاحت پیش کریں۔

بیرون ملک میں آپ کے کون کون سے بینک اکاؤنٹس ہیں؟2005 سے 2007میں بارکلے بینک سے لیے گئے قرض کی تفصیلات بتائیں۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف سے یہ بھی پوچھا گیا کہ بتائیں96 ایچ ماڈل ٹاؤن کتنے سال تک وزیر اعلیٰ کیمپ ہاؤس رہا ؟، 2008 سے 2019 میں زرعی آمدن کی وضاحت،فیملی کو دئیے جانے والے اور موصول ہونے والے تحائف کی تفصیلات بھی بتائیں؟۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے نیب کے روبرو پیش ہونے یا نہ ہونے سے متعلق مشاورت شروع کر دی ہے،اپوزیشن لیڈر نے قانونی مشیروں کو طلب کر لیا جبکہ سینئر قانونی مشیروں سے اس حوالے سے ایک ویڈیو کانفرنس بھی ہو چکی ہے۔

شہباز شریف نیب آفس میں پیش ہونے کا فیصلہ مشاورت کے بعد کریں گے۔