Friday, April 26, 2024

شہباز شریف پورے صوبے کا بجٹ لاہور پر لگارہے ہیں ،عوام نے موقع دیا تو منڈی بہاوالدین میں بھی یونیورسٹی بناؤنگا:پرویز الہیٰ

 شہباز شریف پورے صوبے کا بجٹ لاہور پر لگارہے ہیں ،عوام نے موقع دیا تو منڈی بہاوالدین میں بھی یونیورسٹی بناؤنگا:پرویز الہیٰ
May 30, 2015
منڈی بہاؤالدین (92نیوز) حلقہ این اے ایک سو اٹھائیس میں ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں پھالیہ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق نائب وزیر اعظم و سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے۔ میں نے اپنے پانچ سالہ دور میں ضلع منڈی بہاؤالدین پر25ارب روپے کے ترقیاتی منصوبہ جات کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ پنجاب میں میٹرک تک بچوں کی فیسیں معاف اور مفت کتابیں مہیا کیں ،انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پورے صوبے کا پیسہ لاہور جنگلہ بس سروس پر لگا دیا جس کا پنجاب کے دیگر علاقوں کی عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہے۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں کسانوں کو زرعی ٹیوب ویل پر بجلی پر 50فیصد سبسڈی دی جبکہ کسانوں پر عائد ٹیکس ختم کیا لیکن شہباز شریف نے دوبارہ کسانوں پر ٹیکس لگا دیا۔ انہوں نے کہا کہ منڈی بہاؤالدین میں، میں نے25 کروڑ روپے کی لاگت سے جناح پبلک سکول بنوایا اگر عوام نے دوبارہ موقع دیا تو منڈی بہاؤالدین میں یونیورسٹی آف گجرات کی طرح کی یونیورسٹی بنوانگا۔ رسول کالج آف ٹیکنالوجی کو یونیورسٹی کا درجہ دلواؤ ں گا۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ اب حلقہ کی عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ انہیں ن لیگ کا ٹوپی ڈرامہ چاہیے یا حقیقی خدمت، اگر آپ نے آٹھ جون کو غلط فیصلہ کیا تو اس کا نقصان آپ کی نسلوں کو بھگتنا پڑے گا۔ ہمارے دور میں نوجوانوں کے لیے نوکریاں مہیا کی گئیں، جب کہ موجودہ حکمرانوں نے نوجوانوں کو خود کشیاں دیں۔