Saturday, May 4, 2024

شہباز شریف پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے بلامقابلہ چئیرمین منتخب

شہباز شریف پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے بلامقابلہ چئیرمین منتخب
December 21, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) حکومت اور اپوزیشن کے درمیان دیرینہ تنازعہ حل ہو گیا۔ شہباز شریف پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے بلامقابلہ چئیرمین منتخب ہو گئے۔ 29 ارکان پارلیمان پر مشتمل پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا۔ شیخ روحیل اصغر نے چئیرمین کمیٹی کے لیے شہباز شریف کا نام تجویز کیا تو مشاہد حسین سید نے تائید کی۔ کسی رکن نے شہباز شریف کے مقابلے میں نام نہ دیا اور قائد حزب اختلاف بلامقابلہ چئیرمین پی اے سی منتخب ہو گئے۔ چئیرمین منتخب ہونے کے بعد شہباز شریف نے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا اور کہا سب کو ساتھ لے کر چلوں گا۔ احتساب کا عمل شفاف ہو گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ لیگی حکومت کی مبینہ کرپشن کا معاملہ ایا تو چیئرمین شپ کسی کو دے دوں گا۔ کمیٹی کے امور موثر انداز میں چلانے پر خورشید شاہ کو بھی مبارکباد دی۔ قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کی چیئرمین شپ حکومتی رکن ریاض فتیانہ کو مل گئی اور بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی وسط مدتی انتخابات نہیں ہوں گے، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ قانون سازی بہتر طریقے سے کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ کمیٹی ارکان نے ریاض فتیانہ کو مبارک باد دی۔ شہباز شریف اور سعد رفیق نے چیئرمین کو پرانا ساتھ یاد دلایا ۔ شہباز شریف نے کہا میرا آپ کا ساتھ 1988 سے ہے، امید کرتا ہوں کے آپ کی سربراہی میں یہ کمیٹی ملکی مفاد میں کام کرے گی۔ سعد رفیق نے کہا 32 سال بعد آپکے ساتھ کام کرنے کا موقع مل رہا ہے، آپ نے بھی کیسز کا سامنا کیا اور سرخرو ہوکر بری ہوئے، حکومت ملک کی خاطر جو بھی قانون سازی کریگی اس کا ساتھ دیں گے۔