Saturday, April 20, 2024

شہباز شریف وزیر اعظم کی جانب سے این آر کے بیان پر سیخ پا ہو گئے

شہباز شریف وزیر اعظم کی جانب سے این آر کے بیان پر سیخ پا ہو گئے
January 15, 2019
اسلام آباد(92 نیوز) شہباز شریف ، وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اپوزیشن پر این آر سے متعلق بیان پر  سیخ پا ہو گئے ، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے کہا کہ وزیر اعظم کا الزام بے بنیاد ہے ، جواب دینا بھی ضروری نہیں سمجھتا۔ اپوزیشن  لیڈر شہباز شریف کی جانب سے گزشتہ روز قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کیا گیا ،  جس پر آج وزیر اعظم عمران خان نے اپنے  ٹویٹ پیغام میں کہا کہ  اپوزیشن این آر او کے لئے حرکتیں کر رہی ہے ، وزیراعظم کے الزام کےجواب میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف  نے کہا کہ الزام بے بنیاد، جواب دینا بھی ضروری نہیں سمجھتا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے  سینئر رہنما سید خورشید شاہ کا کہنا تھا  کہ اہم این آر او مانگنے والے نہیں ہیں ،  ہم پارلیمنٹ  میں آتے ہیں، بائیکاٹ کرتے ہیں، میں عمران خان سے پوچھتا ہوں کہ آپ  کیوں نہیں آتے ۔ دوسری جانب اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپوزیشن جماعت  کا اجلاس طلب کرلیا  جس میں  آصف علی زرداری ، مولانا فضل الرحمان بلاول بھٹو کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران  حکومتی نشست سے ’’چور کا بچہ ‘‘  کی آواز پرشہباز شریف برہم  ہو گئے  تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ  گالم گلوچ بہت سن چکا ایوان میں نہیں بیٹھ سکتا ، اپوزیشن لیڈر نے مائیک پر کہا گالی نہیں سنوں گا اور ایوان سے چلے گئے ۔ اس موقع پر حکومتی اتحادی جماعت ق لیگ کے رکن طارق بشیر چیمہ اٹھے اور کہایہ اپنی بات کرکے گالم گلوچ کا الزام لگا کر چلے گئے ،یہ کیا طریقہ ہے۔آج کے بعد ہم انہیں کبھی اس طرح بات نہیں کرنے دیں گے ۔ اس کے بعد خواجہ آصف اٹھے اور بولے ایسی دھمکی سے ایوان نہیں چلے گا ،یہاں نہ وزیراعظم آتا ہے نہ وزیرخزانہ۔