Thursday, April 18, 2024

شہباز شریف نے ملکی معاشی صورتحال کو خطرناک ترین قرار دے دیا

شہباز شریف نے ملکی معاشی صورتحال کو خطرناک ترین قرار دے دیا
November 30, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ملکی معاشی صورتحال کو خطرناک ترین قرار دے دیا۔

شہباز شریف نے کہا آئندہ برس تنخواہوں، پنشن اور حکومت چلانے کیلئے قرض لینا پڑے گا۔ کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے میں تاریخی اضافہ کے نتیجے میں ڈالرز میں قرض لینا پڑے گا۔ ڈالرز میں قرض نہ لیا تو پھر غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر تیزی سے گریں گے جس سے قومی سلامتی خطرے میں پڑ جائے گی۔ حکومت مسلسل جھوٹ بول رہی ہے کہ ماضی کے قرض کی ادائیگی کے لیے قرض لے رہی ہے۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا تھا یہ سب قرض قومی معیشت کی تباہی، غلط فیصلوں اور معاشی غلط حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔ ڈالر کی قیمت میں اضافہ، قومی آمدن میں کمی، معاشی جمود، شرح سود میں اضافے جیسی غلط معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں قومی معیشت کو ”قرض پر چلنی والی اکانومی‘ ‘ بنا دیا گیا۔ نوازشریف دور میں ”قومی معیشت ، قومی آمدن“ بڑھ رہی تھی۔ شرح ترقی میں اضافے سے معیشت دوبارہ زندہ ہورہی تھی۔