Friday, April 26, 2024

شہباز شریف نے مریم نوازشریف کی گرفتاری کی شدید مذمت کی

شہباز شریف نے مریم نوازشریف کی گرفتاری کی شدید مذمت کی
August 8, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) مریم نواز کی گرفتاری کی اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے شدید الفاظ میں مذمت کی۔ اپنے بیان میں کہا کہ اپوزیشن کو دیوار سے لگایا جارہا ہے ۔ نیازی حکومت ایسی حرکتوں سے نوازشریف اور اسکے ساتھیوں کو جھکا نہیں سکتی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا تاریخ کے دوراہے پر کھڑی قوم کو نالائق حکمران تباہی کی طرف لے جارہا ہے ۔ قوم کو مسلسل خبردار کر رہا ہوں، جھوٹ کی ترجمانی بند نہ ہوئی تو بڑا حادثہ ہو گا ۔ شہباز شریف کا کہنا تھا جھوٹ اور سیاسی انتقام کی بنیاد پر مریم نوازشریف کی بلاجواز گرفتاری غلط موقع پر سراسرغلط اقدام ہے۔ عید سے قبل مریم نوازشریف کی گرفتاری سے کیا پیغام دیا جارہا ہے؟؟۔ نواز شریف اور اس کے نواسوں کے سامنے مریم نواز شریف کی  گرفتاری انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا یہ کیسا احتساب اور انصاف ہے کہ گرفتاری بعد میں ہوتی ہے اور خبر پہلے آجاتی ہے ۔ اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا کشمیر کے محاذ پر قوم کی رسوائی کا باعث بننے والی حکومت اپنی پے درپے حماقتوں سے بی جے پی کو سیاسی فائدہ پہنچا رہی ہے۔ عمران نیازی اپوزیشن فتح کرنے کے بجائے کشمیر پر قومی مفادات کی حفاظت پر توجہ دے۔ احسن اقبال نے کہا آج اس بیٹی کو گرفتار کیا گیا جس کی تقریر سے بھارت میں آگ لگی ہوئی تھی۔ بھارت کے اختیار میں ہوتا تو مریم کو پکڑ لیتے مگر آج مودی کے یاروں نے وہ کام کر دکھایا۔ مریم نواز کی گرفتاری پر بلاول بھٹو آپے سے باہر ہو گئے۔ بلاول بھٹو نے جذباتی تقریر کرتے ہوئے کہا کہ نئے پاکستان میں یہ کیا ہورہا ہے؟ اپوزیشن لیڈر اور ایک خاتون کو گرفتار کر لیا گیا۔ مراد سعید نے ردعمل میں بلاول کو چور خاندان کا ترجمان قرار دیا اور کہا حادثاتی چیئرمین کی غیرت اس وقت کہاں تھی جب بےنظیر کی تصاویر جہاز سے پھینکی گئیں۔ اجلاس میں شدید شورشرابے کے بعد ڈپٹی اسپیکر نے کارروائی کل تک ملتوی کر دی۔