Thursday, March 28, 2024

شہباز شریف نے عوام کا پیسہ لوٹا، حساب دینا ہوگا، وزیراعظم عمران خان

شہباز شریف نے عوام کا پیسہ لوٹا، حساب دینا ہوگا، وزیراعظم عمران خان
December 17, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا شہباز شریف نے عوام کا پیسہ لوٹا، حساب دینا ہوگا۔

جمعہ کے روز وزیراعظم کی زیرصدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ پیسے لیکر سرکاری عہدے بانٹتے رہے۔ پارٹی ترجمانوں کو شہباز شریف کی منی لانڈرنگ کا معاملہ اُجاگر کرنے کی ہدایت کردی۔

عمران خان بولے ن لیگ ، پیپلز پارٹی اس لئے ای وی ایم کے خلاف ہے کہ جعلی ووٹنگ نہ رک جائے۔ وزیراعظم نے وزراء کوجسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین کے بیانات پر ردعمل سے روک دیا۔ عمران خان کا کہناتھا کہ میرے کوئی لاکھوں کے اخراجات نہیں، ایسی باتوں پر وقت ضائع نہ کیا جائے۔

دوران اجلاس مہنگائی کا ذکر ہوا تو وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں دنیا کے دیگر ممالک کی نسبت مہنگائی کم ہے۔ معاشی بہتری کے بعد مہنگائی میں مزید کمی واقع ہوگی جبکہ مشیر خزانہ شوکت ترین نے بریفنگ میں بتایا کہ جلد ڈالرز کا ایکسچینج ریٹ کم ہوجائے گا۔

اجلاس کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو میں وزیراطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور حمزہ نے اومنی گروپ کے اکاؤنٹ زرداری گروپ کی طرح آپریٹ کئے۔ شہباز شریف کیس میں یہ ٹپ آف دی آئس برگ ہے۔

فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ میڈیا خود شہباز شریف اور حمزہ شیباز شریف کے کیسز کا موازنہ کرے اور حقائق عوام کے سامنے لائے۔

معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ خانیوال الیکشن میں ایک مردے نے بھی ووٹ ڈالا۔ ن لیگ کو مرے ہوئے افراد کے ووٹ ڈالنے کا تجربہ ہے۔