Tuesday, April 23, 2024

شہباز شریف نے صوبے اور ملک کے وسائل کو پامال کیا ، شبلی فراز

شہباز شریف نے صوبے اور ملک کے وسائل کو پامال کیا ، شبلی فراز
May 16, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ شہباز شریف نے صوبے اور اس ملک کے وسائل کو پامال کیا ، ن لیگ کی قیادت بیمار ہو جائے تو لندن چلی جاتی ہے ، اگر یہ ملک اجڑتا ہے تو شہباز شریف نے اپنے لئے دوسری دنیا آباد رکھی ہے ، کورونا کے علاوہ دوسرے وائرس کا اینٹی ڈوٹ دریافت ہوچکا ہے اس کا نام عمران خان ہے ، کرپشن کے وائرس کو عمران خان ہی ختم کریں گے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ کیا احتساب کے عمل کو آگے بڑھانا نا اہلی ہے ،کیا غریبوں کو ریلیف دینا  نا اہلی ہے ، ملک کو آفت سے بچانے کیلئے وزیراعظم نے پروگرام دیا،حکمت عملی اور پلان سے کمزوریوں اور طاقت کا استعمال میں لارہے ہیں، کورونا وائرس نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لے رکھا ہے، یہ ایک ایسی جنگ ہے جسے ملکر ہی شکست دے سکتے ہیں۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائےا طلاعات شہزاد اکبر نے کہا کہ شہبازشریف کورنٹائن در کورنٹائن کا شکار ہیں، شہبازشریف نے پریشانی میں کچھ حواری لانچ کیے تھے ، میں جب بھی کوئی پریس کانفرنس کرتا ہوں مریم اورنگزیب کی ڈیوٹی لگ جاتی ہے ۔

شہزاد اکبر بولے کہ شہبازشریف کیخلاف ثبوت میں نے نہیں بنائے ، 3دن گزار چکے میرے سوالوں پر شہبازشریف کی جانب سے جواب نہیں آیا،شہبازشریف جواب نہیں دیں گے تو عدالت میں دینا پڑے گا،شہبازشریف کیخلاف تمام شواہد نیب ریفرنس کا حصہ بنیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ  پوری کوشش اور خواہش ہے ریفرنس جلد از جلد دائر ہو گا اس کا ٹرائل ہو،نیب سے کہتے ہیں کہ شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے ۔