Thursday, March 28, 2024

شہباز شریف نے زراعت پر مشاورتی اجلاس بلا کر سِکس ملین ڈالر مین بننے کی کوشش کی، فیاض چوہان

شہباز شریف نے زراعت پر مشاورتی اجلاس بلا کر سِکس ملین ڈالر مین بننے کی کوشش کی، فیاض چوہان
April 7, 2020
لاہور (92 نیوز) وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے شہباز شریف کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے زراعت پر مشاورتی اجلاس بلا کر خود کو سِکس ملین ڈالر مین ثابت کرنے کی کوشش کی۔ وزیراطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ پہلی دفعہ گنے کا ریٹ 230 پلس، اور ادائیگی یقینی بنائی گئی۔ پنجاب کا کسان جتنا آج خوش ہے، پچھلے 70 سالوں میں نہیں تھا، سردار عثمان بزدار کی قیادت میں صوبے میں 309 ارب روپے سے زرعی ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی ایمرجنسی کے تحت 35 ہزار کلومیٹر کے نالے اور کھالے پکے کیے گئے۔ بزدار حکومت کے پہلے ڈیڑھ سال میں 300 چھوٹے ڈیمز بنانے کے پروگرام کا آغاز ہو چکا ہے۔ چاول، گندم اور گنے کے کاشتکاروں کو جدید مشینری 50 فیصد سبسڈی پر دی گئی۔ پنجاب میں چھوٹے کاشتکاروں کے لیے فی ایکڑ قرضوں کو دگنا کر دیا گیا۔ فیاض الحسن چوہان بولے کہ گنے کے کاشتکاروں کو اربوں روپے کے بقایا جات ادا کراۓ گئے۔ یہ بقایا جات ن لیگی دور میں شریف خاندان اور ان کے حواریوں کی شوگر ملوں کے ذمہ واجب الادا تھے۔ اس وقت ہر کاشتکار بہترین ریٹ اور سہولیات ملنے ہر سردار عثمان بزدار کی حکومت کا شکر گزار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں بزدار حکومت زراعت کے شعبے کی بھرپور خدمت سرانجام دے رہی ہے۔ شہباز شریف رستم خان بننے کی ناکام کوشش نہ کریں۔