Thursday, April 25, 2024

شہباز شریف نے حمزہ شہباز کو پیپلزپارٹی کیخلاف بیان بازی سے روک دیا

شہباز شریف نے حمزہ شہباز کو پیپلزپارٹی کیخلاف بیان بازی سے روک دیا
March 27, 2021

لاہور ( 92 نیوز) حمزہ شہباز نے کوٹ لکھپت جیل میں شہباز شریف سے طویل ملاقات کی، اس موقع پر پی ڈی ایم میں پیدا ہونیوالے اختلافات پر تفصیلی بات چیت کی گئی،شہبازشریف نے حمزہ شہباز کو پیپلزپارٹی کے خلاف کسی بھی قسم کی بیان بازی سے روک دیا۔

حمزہ شہباز کی کوٹ لکھپت جیل میں والد سے اہم ترین ملاقات ہوئی ، سیاسی صورتحال اور پی ڈی ایم میں اختلافات پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔

ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز نے شہباز شریف کو یوسف رضاگیلانی کے قائد حزب اختلاف بننے پر مسلم لیگ ن میں پائی جانیوالی بے چینی سے آگاہ کیا، حمزہ شہباز نے شہباز شریف کو بتایا پیپلزپارٹی نے یوسف رضاگیلانی کےمعاملے پراعتماد میں نہیں لیا۔پی ڈی ایم کے اجلاس میں پیپلز پارٹی کے اس روئیے پر احتجاج بھی کریں گے۔

شہبازشریف نے حمزہ شہباز کو پیپلزپارٹی کے خلاف بیان بازی سے روک دیا، شہباز شریف نے ہدایت کی پی ڈی ایم اجلاس میں پارٹی کے سینئر رہنما معاملہ اٹھائیں ، شہباز شریف کا مزید کہنا تھا پنجاب میں بلدیاتی اداروں کی بحالی کا فیصلہ خوش آئند ہے،بلدیاتی نمائندوں سے رابطوں میں تیزی لائی جائے ۔

شہباز شریف نے کہا کہ  فوری طورپر بلدیاتی نمائندوں سے ملاقاتوں اور کنونشنز کا اہتمام کریں، بلدیاتی نمائندے ہی ن لیگ کی اصل قوت ہیں، بلدیاتی نمائندوں کو قانونی و سیاسی معاونت فراہم کریں۔