Saturday, May 4, 2024

شہباز شریف نے اخبار پر مقدمہ نہیں، صرف شکایت کی،شہزاد اکبر

شہباز شریف نے اخبار پر مقدمہ نہیں، صرف شکایت کی،شہزاد اکبر
July 28, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ شہباز شریف نے برطانیہ کی اخبار پر کوئی مقدمہ نہیں کیا ، صرف اخبار سے شکایت کی ہے ۔ شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ  شکایت میں شہباز شریف نے اپنے اوپر لگے الزامات کی تردید نہیں کی ، صرف یہ کہا کہ خبر عوامی مفاد میں نہیں ، اگر آپ سچے ہیں تو عدالت جائیں نہیں تو  میں  خود لندن کی عدالت جائیں گے اور آپکی کرپشن کے ثبوت پیش کریں گے ۔ https://www.youtube.com/watch?v=61nbF7A3jGY برطانوی اخبار نے رواں ماہ  شہباز شریف کی منی لانڈرنگ کا کچا چٹھا کھولا تھا،  اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ شہباز شریف نے زلزلہ متاثرین کی امداد میں لاکھوں پاؤنڈز کی خوردبرد کی، کچھ رقم ڈی ایف آئی ڈی کے فنڈز سے چرائی گئی۔

برطانوی اخبار نے شہباز شریف کی منی لانڈرنگ کا کچا چٹھا کھول دیا

برطانوی اخبار ڈیلی میل نے دعویٰ کیا تھاکہ شہباز شریف کا خاندان مبینہ طور پر برطانیہ میں منی لانڈرنگ میں ملوث رہا ہے۔ شہباز شریف کے دور اقتدار میں برطانوی حکومت نے پنجاب میں زلزلہ متاثرین کی بحالی کے لئے 500 ملین پاونڈ سے زائد امداد فراہم کی ۔ تحقیقاتی اداروں کے مطابق شریف خاندان نے یہ رقم مبینہ طور پر منی لانڈرنگ میں استعمال کر دی۔ برطانوی ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کی جانب سے بھی مبینہ منی لانڈرنگ پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ برطانوی ادارے نے بتایا فنڈز فراہم کرتے وقت جانتے تھے کہ پاکستان میں کرپشن بہت زیادہ ہےاس کے باوجود پاکستان کو دوسرے ممالک کی نسبت زیادہ فنڈز فراہم کئے گئے۔ پاکستان کو سالانہ 463 ملین پاونڈ کی رقم بطور فنڈ دی گئی۔ برطانوی اخبار کے مطابق اس نے منی لانڈرنگ میں ملوث شریف خاندن کے فرنٹ مین آفتاب محمود کا انٹرویو کیا جس میں آفتاب محمود نے شریف خاندان کے لئے کروڑوں پاونڈز کی منی لانڈرنگ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ شریف خاندان کے لئے برمنگھم آفس کے ذریعے منی لانڈرنگ کی۔ فرنٹ مین آفتاب محمود نے بتایا کہ اس کے اکاؤنٹس کا آڈٹ ریوینیو ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ہر تین ماہ بعد ہوتا تھا۔ منی لانڈرنگ کا کام اتنی باریک بینی سے کیا گیا کہ برطانوی حکام بھی نہ پکڑ سکے۔ ڈیلی میل نے دعویٰ کیا کہ اس بہتی گنگا میں مبینہ طور پر شہباز شریف کے داماد علی عمران نے بھی خوب ہاتھ دھوئے اور برطانوی حکومت کی جانب سے بھیجی گئی رقم میں سے 1 ملین پاونڈ حاصل کیے۔