Saturday, May 11, 2024

شہباز شریف منی لانڈرنگ اور اثاثہ جات کیس میں نیب لاہور میں پیش

شہباز شریف منی لانڈرنگ اور اثاثہ جات کیس میں نیب لاہور میں پیش
June 9, 2020

لاہور ( 92 نیوز) شہباز شریف منی لانڈرنگ اور اثاثہ جات کیس میں نیب لاہور میں پیش ہو گئے ۔ شہباز شریف کے ہمراہ مسلم لیگ ن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطاء تارڑ بھی ہیں ۔

شہباز شریف نے دونوں انکوائریز میں لاہور ہائیکورٹ سے 17 جون تک ضمانت لے رکھی ہے ،جسٹس طارق عباسی اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل دو رکنی بینچ نے شہباز شریف کی درخواست پر سماعت کی تھی، شہبازشریف کے وکیل نے مؤقف اختیارکیا تھا کہ ان کے مؤکل کو دوجون کے لئے طلب کیا گیا لیکن وارنٹ 28 مئی کے ہیں۔

عدالت نے استفسارکیا کہ جب وارنٹ پہلے نکلے تو آپ نے شہبازشریف کو دو جون کو کیوں بلایا؟ ، نیب کے وکیل نے بتایا کہ جب گرفتاری کا مواد آیا تب شہباز شریف کے وارنٹ جاری کیے گئے۔

شہبازشریف کے وکیل نے مؤقف اختیارکیا کہ پانچ اکتوبر 2018 کوان کے مؤکل کو صاف پانی کیس میں بلایا گیا ، دوران ریمانڈ شہباز شریف کو رمضان شوگر مل میں بھی گرفتار کرلیا گیا ، نیب 63 دن کے ریمانڈمیں تفتیش کرتی رہی،شہبازشریف کینسر کے مریض ہیں،جو ریکارڈ مانگاگیا وہ دے دیا پھر بھی نیب گرفتاری کے لیے بے تاب ہے۔

شہباز شریف کے وکلاء کی جانب سے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ انکوائری میں عبوری ضمانت منظور کرنے کی استدعا کی گئی ۔ عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد شہباز شریف کی عبوری ضمانت 17 جون تک منظور کرتے ہوئے نیب کو گرفتاری سے روک دیا۔