Saturday, May 11, 2024

شہباز شریف فیملی سمیت دیگر کیخلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کا تحریری حکم نامہ جاری

شہباز شریف فیملی سمیت دیگر کیخلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کا تحریری حکم نامہ جاری
August 24, 2020
لاہور (92 نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے شہباز شریف فیملیز اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ عدالت نے 27 اگست تک سماعت ملتوی کرتے ہوئے تفتیشی آفیسر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ شہباز شریف ان کے اہلخانہ اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کا معاملہ!، لاہور کی احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ عدالتی حکم نامے کے مطابق تفتیشی افسر کے ذریعے شہباز شریف کو عدالت پیش ہونے کا سمن جاری کیا گیا۔ حکم نامے میں کہا گیا پراسیکیوٹر کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد اور ثبوت ریکارڈ کا حصہ بنائے گئے ہیں، پراسیکیوٹر عاصم ممتاز کے مطابق چیئرمین نیب نے باقاعدہ ملزمان کے ٹرائل کی منظوری دی۔ عدالت نے استفسار کیا ملزمان گرفتار کیوں نہیں ہوئے اور انہوں نے انویسٹی گیشن جوائن کیوں نہیں کی، آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر ذاتی حیثیت سے عدالت میں پیش ہوکر ملزمان کے خلاف ثبوت کی وضاحت کریں۔ تحریری حکم نامے کے مطابق زیر حراست ملزمان میں حمزہ شہباز، نثار احمد، قاسم قیوم، راشد کرامت، مسرور انور، فضل داد عباسی، محمد شعیب قمر اور محمد عثمان شامل ہیں، عدالت نے آئندہ سماعت 27 اگست تک ملتوی کر دی۔