Wednesday, April 24, 2024

شہباز شریف ، فواد حسن فواد، احمد چیمہ اور خواجہ برادران کی احتساب عدالت میں پیشیاں

شہباز شریف ، فواد حسن فواد، احمد چیمہ اور خواجہ برادران کی احتساب عدالت میں پیشیاں
June 13, 2019
لاہور ( 92 نیوز) لاہور کی احتساب عدالت میں بڑی سماعتیں ہوئیں ۔ آشیانہ اقبال اسکینڈل اور رمضان شوگر ملز ریفرنسز میں شہباز شریف پیش ہوئے ۔ فواد حسن فواد، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت دیگر ملزمان کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا، پیراگون ہاؤسنگ کیس میں خواجہ برادران کی بھی حاضری  لگ گئی۔ لاہور کی احتساب عدالت  کے جج جواد الحسن نے آشیانہ اقبال اسکینڈل اور رمضان شوگر ملز ریفرنسز کی سماعت کی۔  سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف لندن سے واپسی کے بعد پہلی بار عدالت میں پیش ہوئے۔ نیب ٹیم نے سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ اوردیگر ملزمان کو بھی عدالت میں پیش کیا۔ دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ حمزہ شہباز کیوں پیش نہیں ہوئے؟۔ احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت 26 جون تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب حکام کو حمزہ شہباز کو پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ شہباز شریف حاضری کے بعد احتساب عدالت سے واپس روانہ ہوگئے ،  شہبازشریف نے فواد حسن فواد سے ملنے ٓآنے کاوعدہ کیا۔ پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں نیب حکام نے خواجہ برادران کو عدالت میں پیش کیا ،  عدالت نے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے 27جون کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں بنے کسی کمیشن کی کوئی حیثیت تسلیم نہیں کرتے۔ لیگی رہنماؤں کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، ن لیگی کارکنوں نے حسب معمول پولیس اہلکاروں سے ہاتھا پائی کی، کارکن شہبازشریف کی گاڑی کے سامنے آنے کی ضد کرتے رہے۔