Friday, March 29, 2024

شہباز شریف غیر قانونی اثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس میں نیب لاہور کو مطمئن نہ کرسکے

شہباز شریف غیر قانونی اثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس میں نیب لاہور کو مطمئن نہ کرسکے
May 4, 2020
لاہور (92 نیوز) غیر قانونی اثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کے لیے شہباز شریف نیب لاہور کے روبرو پیش ہوئے، جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے ان سے ایک گھنٹہ چالیس منٹس تک پوچھ گچھ کی، تحقیقاتی ٹیم کو مطمئن نہ کرنے پر نیب نے انہیں 2 جون کو دوبارہ طلب کر لیا۔ مسلسل دو بار انکار کے بعد اپوزیشن لیڈر شہبازشریف قومی احتساب بیورو لاہور کے سامنے پیش ہو گئے۔ کورونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر سماجی فیصلے کا خیال رکھا گیا اور تحقیقاتی ٹیم نے چھ فٹ کے فاصلے سےسوالات کیے۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے شہباز شریف سے وراثت میں ملنے والی جائیداد اور بیرون ملک بینکوں سے لیے گیے قرض کی تفصیلات اور منی لانڈرنگ سے متعلق سوالات کیے۔ نیب کے سوالات پر شہبازشریف نے مؤقف اپنایا کہ ان کے تمام اثاثہ جات ڈکلیئر ہیں جبکہ کوونا وائرس کے پیش نظر کئی اہم دستاوایزت اکٹھے کرنے میں مشکل ہو رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف نیب کے سوالات کے تسلی بخش جواب نہ دے سکے اور اپنے ساتھ غیر متعلقہ ریکارڈ لے کر آئے جسے نیب نے مسترد کر دیا۔ قومی احتساب بیورو نے شہبازشریف کو تفصیلی ریکارڈ کے ساتھ دوبارہ 2 جون کو پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔ شہبازشریف کی پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہبازشریف سے منی لانڈرنگ پر سوال ہی نہیں ہوا۔ آج نیب نیازی گٹھ جوڑ پھر بے نقاب ہو گیا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما عطاتارڑ نے الزام لگایا کہ وزیراعظم کاسیل صرف انتقامی کارروائیوں میں لگا ہوا ہے، جو تحریری جواب جمع کرایا جائے مسترد کردیا جاتا ہے۔ شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر کارکنان نے سماجی فاصلوں کی خلاف ورزی کی اور نعرے لگاتے رہے۔