Friday, April 19, 2024

شہباز شریف صاف پانی کرپشن اسکینڈل میں 5جولائی کو پھر نیب میں طلب

شہباز شریف صاف پانی کرپشن اسکینڈل میں 5جولائی کو پھر نیب میں طلب
June 26, 2018
لاہور ( 92 نیوز ) نیب لاہور نے شہباز شریف کو صاف پانی کرپشن اسکینڈل میں 5 جولائی کو پھر طلب کر لیا ، نیب افسران شہبازشریف سے صاف پانی کمپنی سے پوچھ گچھ کریں گے  ، سابق وزیراعلیٰ پنجاب گزشتہ روز طلبی کے باوجود پیش نہیں ہوئے تھے۔ صاف پانی کمپنی اسکینڈل میں کئی شخصیات کے خلاف گھیرا تنگ ہونے لگا ، نیب نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو 5 جولائی، زعیم قادری کو آج طلب کر لیا  ۔ صاف پانی اسکینڈل میں مبینہ طور پر ملوث قمرالاسلام راجہ کو 9 جولائی تک کے جسمانی ریمانڈ پر نیب لاہور کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ، قمرالاسلام ن لیگ کی جانب سے چودھری نثار کےخلاف امیدوار بھی ہیں، جبکہ قمرالاسلام نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ان کا جرم صرف کروڑوں روپے بچانا تھا ۔دوسری طرف سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ن لیگی امیدوار قمرالاسلام راجہ کے دفاع میں کھڑے ہو گئے  اور ان کی گرفتاری کوقبل از انتخاب دھاندلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیب نے کوئی مقدمہ نہ ہونے کا لیٹردینے کے بعد بھی گرفتار کر لیا ۔ دوسری جانب نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں فواد حسن فواد کو تین جولائی کو طلب کرلیا ،لیگی رہنمامدثر قیوم ناہرااوراظہر قیوم ناہرا کیخلاف بھی تحقیقات شروع  کر دی گئیں ، انہیں 29جون کا طلب کیا گیا ہے ۔دونوں افرادپر آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام ہے ، نیب نے لیگی رہنماسیف الملوک کھوکھر کو بھی 28جون کو دوبارہ طلب کرلیا۔ ادھر نیب کوئٹہ نے  بھی سابق ڈپٹی کمشنر کوئٹہ فرخ عتیق کیخلاف گھیرا تنگ کر لیا، نیب ذرائع کے مطابق فرخ عتیق نے مردم شماری کے دوران کروڑوں روپے کی کرپشن کی ۔ انتخابات کی گہما گہمی میں کرپشن کیسز نے بہت سارے سیاسی قائدین کی حقیقت آشکار کردی ہے، دیکھنا یہ ہے کہ کرپشن کی بہتی گنگا میں نہانے والے انجام کو پہنچ پائیں گے یا نہیں۔