Thursday, April 25, 2024

شہباز شریف سے لاہور میں چین کے قونصل جنرل یوبورن کی ملاقات

شہباز شریف سے لاہور میں چین کے قونصل جنرل یوبورن کی ملاقات
April 17, 2015
لاہور(92نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آج یہاں لاہور میں چین کے قونصل جنرل یوبورن نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک چین دو طرفہ تعلقات اورمختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے چین کے قونصل جنرل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر مشکل وقت پر پورا اتری ہے۔ چین پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں ایک سچے او رمخلص دوست کا کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستانی عوام چین کے صدر کے دورہ پاکستان کیلئے چشم براہ ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین کے صدر کے دورہ پاکستان کے دوران اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے ہوں گے توانائی، انفراسٹرکچر ، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں چین کا بے پایاں تعاون لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کے دور میں پاک چین تعلقات کو نئی جہت ملی ہےدونوں ملکوں کے مابین اقتصادی، تجارتی و معاشی تعاون کی نئی راہیں کھل رہی ہیں۔ اس موقع پر چین کے قونصل جنرل یو بورن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے اقدامات کرتے رہیں گے۔