Wednesday, April 24, 2024

شہباز شریف سیاسی دکان چمکانے کے بجائے بیٹے کو قانون کے حوالے کریں ، فردوس عاشق اعوان

شہباز شریف سیاسی دکان چمکانے کے بجائے بیٹے کو قانون کے حوالے کریں ، فردوس عاشق اعوان
April 5, 2020
سیالکوٹ (92 نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا شہباز شریف سیاسی دکان چمکانے کے بجائے بیٹے کو قانون کے حوالے کریں۔ سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا وزیر اعظم نے خود احتسابی کا عمل شروع کیا۔ ماضی میں رپورٹس منظر عام پر نہیں آتی تھیں۔ شہبازشریف آٹا، چینی بحران پر تنقید کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں بھی جھانکیں۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہو گی۔ کوئی سیاستدان، وزیر یا بیوروکریٹ ہو کسی کو نہیں چھوڑیں گے۔ رپورٹ کی فرانزک آڈٹ کیلئے 25 اپریل کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔ فردوس اعوان نے کہا کہ 30 سال سے خود کو فائدہ پہنچانے کی پالیسی بنائی جاتی رہی تھی ۔ 5 فیصد افراد نے 95 فیصد کے حقوق کو یرغمال بنا رکھا تھا۔ ملک میں جاری معاشی بحران کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کی معیشت تباہ حالی کی شکار ہے۔ کوئی بھی حکومت ان چیلنجز کا اکیلے مقابلہ نہیں کر سکتی۔ ادھر وزیراعظم عمران خان نے ایک اور وعدہ پورا کر دیا۔ ٹویٹ کیا کہ چینی اور گندم کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق ابتدائی رپورٹ پبلک کر دی۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وعدے کے مطابق چینی اور گندم کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق ابتدائی رپورٹ پبلک کر دی۔ رپورٹ میں کسی قسم کی ٹمپرنگ نہیں کی گئی۔ وزیراعظم نے رپورٹ کے اجرا کو ایک مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماضی کی حکومتیں سیاسی مفادات اور سمجھوتے کرکے اس قسم کی رپورٹس جاری کرنے کی جرات نہیں کرتی تھیں۔ اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب اعلیٰ سطح کے تحقیقاتی کمیشن کی فرانزک رپورٹ کا انتظار ہے جو 25 اپریل تک آئے گی۔ رپورٹ کے آنے کے بعد ذمہ داروں کےخلاف ایکشن لیا جائے گا۔ کوئی بھی طاقتور لابی عوام کے پیسے پر ناجائز منافع خوری نہیں کر سکے گی۔