Friday, April 19, 2024

شہباز شریف سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جے آئی ٹی کے سامنے پیش

شہباز شریف سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جے آئی ٹی کے سامنے پیش
March 14, 2015
لاہور(ویب ڈیسک)وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف آج سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی تفتیش کرنے والی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوگے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اپنی گاڑی خود چلا کر جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کے روبرو پیش ہونے کے لیے گئے جہاں سی سی پی او کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کی سربراہی میں قائم جے آئی ٹی کی چار رکنی ٹیم نے شہبازشریف سے تفصیلی سوالات کیے۔ جے آئی ٹی میں ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ شہزاد اکبر، آئی ایس آئی اور انٹیلی جنس بیورو کے نمائندے بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ شہبازشریف ایک گھنٹے سے زائد وقت تک جے آئی ٹی کے دفتر میں موجود رہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ شہباز شریف سے بائیس کے قریب مختلف سوالات پوچھے گئے جن کے تحریری جوابات انہوں نے جے آئی ٹی کے سپرد کر دئیے۔ ذرائع کے مطابق شہبازشریف نے اپنے جواب میں موقف اختیار کیا ہے کہ انہوں نے ماڈل ٹاؤن میں آپریشن کا کوئی حکم نہیں دیا۔ وہ اس کارروائی کے دوران گورنر ہاؤس لاہور میں جاری ایک حلف برداری کی تقریب میں موجود تھے اور اس تقریب سے روانگی کے بعد جیسے ہی انہیں اس آپریشن کا علم ہوا تو انہوں نے پولیس کے اعلیٰ افسروں کو طلب کیا اور آپریشن پر ان سے باز پرس کرتے ہوئے پولیس ہٹانے کا حکم بھی دے دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے بعد جے آئی ٹی کے دفتر سے واپس ماڈل ٹاؤن میں واقع اپنی رہائش گاہ روانہ ہو گئے۔