Monday, May 13, 2024

شہباز شریف اپوزیشن کے بجائے ن لیگ کو اکٹھا کرنے پر دھیان دیں ، فواد چودھری

شہباز شریف اپوزیشن کے بجائے ن لیگ کو اکٹھا کرنے پر دھیان دیں ، فواد چودھری
May 29, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے شہبازشریف اپوزیشن کے بجائے ن لیگ کو اکٹھا کرنے پر دھیان دیں۔

حکومتی ارکان نے پی ڈی ایم کو نشانے پر رکھ لیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے شہباز شریف کو اپوزیشن کے بجائے ن لیگ کو اکٹھا کرنے پر دھیان دینے کا مشورہ دیا۔

فواد چودھری نے ٹویٹر پیغام میں لکھا ن لیگ کی کشتی بھنور میں ہے، اگر اس سے نکلے تو فضل الرحمٰن کا کندھا تو ہر انتشار کیلئے حاضر ہی ہے۔ اپوزیشن سنجیدہ ہو تو الیکشن اصلاحات پر بات کرنے کیلئے پی ڈی ایم جیسے چوں چوں کے مربے کی بجائے پارلیمانی لیڈرز بات کریں۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب  نے خوب تنقید کے تیر چلائے۔ میڈیا سے گفتگو میں کہا شہباز شریف پی ڈی ایم کی بجائے اپنی جماعت کو اکٹھا کریں۔ بلاول بھٹو ادھر ادھر کی بجائے سندھ پر توجہ دیں۔

وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا بھی پی ڈی ایم اجلاس پر رد عمل میں کہنا تھا پی ڈی ایم کی بیٹھک پہلے ہی بیٹھ چکی ہے۔ آج بھی اس سے کچھ نہیں نکلے گا۔ پی ڈی ایم کی بیٹھک سے صرف مردہ چوہا ہی نکلے گا۔ چچا بھتیجی ایک دوسرے کو سرعام دھوکا دے رہے ہیں۔ جعلی خادم اعلیٰ اپنے گھسے پٹے بیانیے کا چورن بیچنا چاہتے ہیں۔