Friday, April 19, 2024

شہباز شریف اور فاروق ستار ملاقات میں وسیع البنیاد قومی مفاہمت کی ضرورت پر زور

شہباز شریف اور فاروق ستار ملاقات میں وسیع البنیاد قومی مفاہمت کی ضرورت پر زور
December 3, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) اپوزیشن رہنماء شہباز شریف اور ایم کیو ایم رابط کمیٹی کے سابق کنوینر فاروق ستار کی ملاقات ہوئی، وسیع البنیاد قومی مفاہمت کی ضرورت پر زور دیا۔ 

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ڈاکٹر فاروق ستار کا خیر مقدم کیا، ملاقات میں احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ملاقات کا مقصد موجودہ حالات پر بات کرنا تھا، کراچی میں سیاسی طور پر بڑے چیلنج کا سامنا ہے۔ ہم نے عوام کی مشکلات کو محسوس کیا، وسیع تر مفاہمت اور قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔ قومی سطح پر خلا ہے، دیوالیہ پن ہے، سوچ کا فقدان ہے۔ ایم کیو ایم کو اصل روح کے مطابق چلانا چاہتا ہوں۔

سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو میں کہا وزیر اعظم نے پاکستان کی خودمختاری سرنڈر کردی، معیشت کی اینٹ سے اینٹ سے بجادی، جہاز کا کپتان بدلنا ضروری ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت تب تک بحال نہیں ہو سکتی جب تک بلدیاتی نظام نہ ہو، ہم مہنگائی اور بے روز گاری کے حوالے سے دو طرفہ کمیٹی بنا رہے ہیں، پی ڈی ایم نے اپنی جدوجہد شروع کی ہوئی ہے۔

خواجہ سعد رفیق بولے کہ 5 دسمبر کے الیکشن میں ہم جیتیں گے، تحریک انصاف میدان سے بھاگ چکی۔ جو شکایات آئی تھی اس پر کھل کر بات نہیں کر سکتا، جعلی ویڈیو بنانے والے بھی پکڑے گئے۔