Sunday, May 12, 2024

شکارپور کے علاقے گڑھی تیغو میں ڈاکوؤں کےخلاف ٹارگٹڈ کارروائی کا فیصلہ

شکارپور کے علاقے گڑھی تیغو میں ڈاکوؤں کےخلاف ٹارگٹڈ کارروائی کا فیصلہ
May 30, 2021

کراچی (92 نیوز) شکارپور کے علاقے گڑھی تیغو میں ڈاکوؤں کےخلاف گرینڈ آپریشن کی بجائے ٹارگٹڈ کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا۔

آئی جی سندھ مشتاق مہر نے ٹارگٹڈ آپریشن شروع کرنے کی منظوری دیدی۔ ذرائع کے مطابق پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث خطرناک ڈاکوؤں کو پہلے نشانہ بنایا جائے گا۔

گڑھی تیغو میں ڈاکوئوں کے خلاف آپریشن آج دوسری روز بھی بند ہے۔ 200 ایس ایس یو کمانڈوز سمیت پولیس نفری کو بیس کیمپ سے پولیس ہیڈ کوارٹر منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کو آٹھ روزہ آپریشن میں کوئی خاطر خواہ کامیابی نہ مل سکی۔ 58 ملزمان میں سے ایک بھی ڈاکو پولیس کے شکنجے میں نہ آسکا۔

ایس ایس پی شکارپور تنویر تنیو کا کہنا ہے ڈاکوئوں کے جشن منانے کے دن گئے۔ اب انکے خاتمے کے دن شروع ہو رہے ہیں۔ یہ بھی کہا کہ کچے کے چاروں طرف پولیس چوکیاں قائم کر دی گئی ہیں۔ سندھ حکومت کی جانب سےجدید اسلحہ اور سازو سامان مل گیا ہے۔

دوسری جانب آپریشن اور کچے میں بھاری پولیس نفری کے باوجود 2 افراد کے اغوا کا انکشاف ہوا ہے۔ گھوٹکی کے رہائشی پولیس کانسٹیبل محمد ابراہیم کو بیوی سمیت اغوا کیا گیا۔ ضلع بھر میں اغوا ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 8 ہو گئی۔