Saturday, May 4, 2024

شوگر کی مقدار بتانے والی ایپ آ گئی

شوگر کی مقدار بتانے والی ایپ آ گئی
January 4, 2016
لندن (ویب ڈیسک)برطانوی حکومت ان دنوں شہریوں کو موبائل فون میں ایک مفت ایپ ڈاون لوڈ کرنے کی ترغیب دے رہی ہے۔ یہ ایک ایسی ایپ ہے جس کے ذریعے بازار میں دستیاب کھانے پینے کی اشیاءمیں موجود شکر کی مقدار جاننا ممکن ہے۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی محکمہ صحت کی جانب سے متعارف کرائی گئی اس ایپ کو ”شوگر سمارٹ ایپ“ کا نام دیا گیا ہے جو غذائی اشیاءکی پیکنگ پر موجود بار کوڈ کو سکین کرنے کے بعد اس میں موجود شکر کی کل مقدار کو کیوبز یا گرام میں بتا دیتی ہے۔ محکمہ صحت کے حکام پرامید ہیں کہ اس ایپ کے ذریعے لوگوں خصوصاً والدین میں صحت مند غذاوں کے استعمال کا رجحان بڑھے گا اور وہ دانتوں کی بیماریوں‘ موٹاپے اور ٹائپ ٹو ذیابیطس کا مقابلہ کرسکیں گے۔ واضح رہے کہ اس ایپ کو زیراستعمال لانے کی ترغیب برطانوی محکمہ صحت کی تشہیری مہم کا حصہ ہے۔ اس مہم کے ذریعے لوگوں کو آگاہی دی جا رہی ہے کہ وہ اپنی خوراک میں موجود شکر کی مقدار پر نظر رکھیں اور اپنے آپ کو شوگر سے لاحق ہونیوالی بیماریوں سے بچانے کی حتی الامکان کوشش کریں۔ یہ بات یاد رکھنے کے قابل ہے کہ برطانیہ میں موٹاپے کی شرح نے محکمہ صحت کے حکام کو چکرا کر رکھ دیا ہے۔ برطانوی بچے اپنی غذاو¿ں میں شکر کا بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان میں دانت سڑنے‘ وزن بڑھنے اور مستقبل میں مزید خطرناک بیماریوں کے پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔