Thursday, April 25, 2024

شوگر کمیشن رپورٹ پر عملدرآمد روکنے کا سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرنیکی استدعا مسترد

شوگر کمیشن رپورٹ پر عملدرآمد روکنے کا سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرنیکی استدعا مسترد
July 2, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) سپریم کورٹ نے شوگر کمیشن رپورٹ پرعملدرآمد روکنے کے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو معطل کرنے کےلیے وفاق کی استدعا مسترد کردی ، عدالت نے مقدمے کی سماعت کےلیے 3 رکنی بینچ مقرر کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ رپورٹ کالعدم ہونے سے بھی شوگر ملز کوکچھ نہیں ملنا۔یہ صورتحال حکومت نے خود پیدا کی،حکومت تحقیقات کرا کے مقدمات بنوا دیتی۔

شوگر کمیشن رپورٹ  پر کارروائی روکنے کے لئے درخواست پر چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کی، دوران سماعت اٹارنی جنرل نے عدالتی استفسار پر بتایا کہ سندھ ہائیکورٹ کے عبوری حکم میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا ذکر نہیں، کمیشن رپورٹ میں شوگر ملز پر بہت سے الزامات سامنے آئے ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ کیا کمیشن کو شوگر ملز کو موقف کا موقع نہیں دینا چاہئے تھا، یہ محض کمیشن کی رپورٹ ہے، اس پر حکم امتناع کیوں لیناچاہتے ہیں۔

شوگرملز مالکان کے وکیل مخدوم علی خان نے دلائل دیے کہ رپورٹ میں محض سفارشات دی گئیں، جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ کمیشن نے ڈیل سمیت بہت سی چیزوں کی نشاندہی کی، چینی مہنگی ہونے پر پورے ملک میں شورمچا، آپ چاہتے ہیں رپورٹ کو کالعدم قرار دے دیں، متعلقہ ادارے پھر سے صفر سے کام شروع کریں، ایسے تو معاملے پر10 سال لگ جائیں گے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ابھی کسی شوگر مل کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا گیا، کمیشن کی رپورٹ شوگرملز مالکان کومتاثر کیسے کرسکتی ہے، حکومت کئی مواقع پر کمیشن بنا چکی لیکن رپورٹ سامنے نہیں آئیں۔

اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ رپورٹ میں سیاسی اتحادیوں کی نشاندہی بھی کی گئی، وہ تسلیم کرتے ہیں کہ کسی کا میڈیا ٹرائل نہیں ہونا چاہیے، حکومت کو کہہ دیا کہ رپورٹ پر اداروں کو آزادانہ کام کرنے دیا جائے، کابینہ نے ان کی سفارش پراداروں کو دی گئیں ہدایات واپس لے لیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ شوگرملز ایسوسی ایشن رپورٹ سے جان نہیں چھڑاسکتی، کمیشن غیرقانونی قرار دے دیں تو تحقیقات پھر بھی ختم نہیں ہوں گی۔ممکن نہیں کچھ ملز کےخلاف کارروائی سے روکا جائے اور باقی کےخلاف کارروائی جاری رہے، ادارے رپورٹ کا حوالہ دیے بغیرکارروائی جاری رکھ سکتے ہیں۔

عدالت نے شوگر کمیشن رپورٹ  پرعملدرآمد روکنے کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے شوگر ملز ایسوسی ایشن کے وکلا سے تحریری دلائل طلب کرلیے، وفاق کی اپیل پر مزید سماعت 14 جولائی کو ہوگی۔