Friday, April 19, 2024

شوگر ملز نہیں کھلیں گی، سپریم کورٹ کا شریف خاندان کو صاف جواب

شوگر ملز نہیں کھلیں گی، سپریم کورٹ کا شریف خاندان کو صاف جواب
January 11, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے شریف خاندان کو صاف جواب دیتے ہوئے کہا کہ شوگر ملز نہیں کھلیں گی۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے شریف خاندان کی شوگر ملز کھولنے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت کسانوں کے وکیل نے دلائل دیئے کہ رحم کیا جائے۔ ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا کہ گنا کیسے خریدیں گے؟ جس پر جہانگیر ترین کے وکیل اعتزاز احسن بولے گنے کا ریٹ شوگر کین کمشنر طے کریگا۔ کسی کے کہنے پر اخباروں میں اشتہارات شائع کئے گئے۔
اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ رحم ہو گا جس حد تک ریلیف دے سکتے تھے دیا۔ عدالت نے کسانوں کو ریلیف بھی دیا اور شوگر ملوں کو غیر قانونی کام سے بھی روک دیا۔ اگر کسانوں کے حقوق متاثر ہوئے توعدالت موجود ہے۔ کسانوں کو اس وقت سنیں گے جب ان کی نیت پر اعتبار آئے گا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ کسان کس کے کہنے پر عدالت آئے سب پتہ ہے۔ وہ کسی اور کے آلہ کار بنیں گے تو معاملہ خراب ہوجائیگا۔
چیف جسٹس نے یہ بھی کہا کہ مانیٹرنگ کریں گے تو کوئی غلط کام نہیں کرے گا جس کی آنکھیں ، کان اور دماغ بند ہوں وہ بہت ماڑا چیف جسٹس ہوتا ہے۔ ان کی آنکھیں ، کان اور دماغ عدالت کے اندر بھی کھلے ہیں اور باہر بھی۔ ہمیشہ کہا ہے کہ بابا رحمتے سے سچ بولیں۔
عدالت نے شریف خاندان کی شوگر ملز کھولنے کی استدعا مسترد کر دی جبکہ جے ڈبلیو ڈی آر وائی کے انڈس اشرف اور حمزہ شوگر ملز نے 180 روپے فی من گنا خریدنے کی یقین دہانی کرا دی جس کے بعد کیس کی دوبارہ سماعت 18 اپریل کو ہو گی۔