Monday, May 20, 2024

شوکت یوسفزئی کی محسن داوڑ کے وزیرستان سے فوج نکالنے کے مطالبہ کی مذمت

شوکت یوسفزئی کی محسن داوڑ کے وزیرستان سے فوج نکالنے کے مطالبہ کی مذمت
May 29, 2019

 پشاور (92 نیوز) وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے محسن داوڑ کے وزیرستان سے فوج نکالنے کے مطالبہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ باہر کی نہیں، پاکستان کی فوج ہے۔

 شمالی وزیرستان میں خرقمر چیک پوسٹ واقعہ کےحوالے سے پریس کانفرنس کے دوران وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے دوٹوک الفاظ میں وزیرستان سے فوج کی واپسی کا مطالبہ مسترد کر دیا۔

 شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ پختونوں کے نام پر سیاست کرنے والے دو پارلیمنٹرین نے مسلح افراد کے ساتھ چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ رکن پارلیمنٹ کا کام اسلحہ اٹھانا نہیں اس کا اسلحہ پارلیمنٹ ہوتا ہے۔

 شوکت یوسفزئی نے بلاول بھٹو زرداری کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنا صوبہ سندھ تو سنبھالا نہیں جاتا پختونخوا کے معاملات میں ٹانگ اڑا رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا قبائلی علاقوں میں انسانی جانوں کی قربانیوں کے بعد امن آیا ہے اسے برقرار رکھنا ہے۔ فوج پاکستان کا حصہ ہے سرحدوں کی حفاظت کرنا فوج کی ذمہ داری ہے۔