Tuesday, May 21, 2024

شوپیاں میں مسجد کی بے حرمتی ریاستی دہشتگردی ہے، دفتر خارجہ

شوپیاں میں مسجد کی بے حرمتی ریاستی دہشتگردی ہے، دفتر خارجہ
April 11, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) قابض بھارتی فورسز کا مکروہ فعل،، مقبوضہ کشمیر میں مسجد کی بے حرمتی کی، مسجد پر بھاری ہتھیاروں اور دستی بموں سے حملے پر پاکستان کی جانب سے اظہارِ مذمت کیا گیا، دفتر خارجہ کے ترجمان کہتے ہیں شوپیاں میں مسجد کی بے حرمتی ریاستی دہشتگردی ہے۔

مودی سرکار کی سیفران دہشتگردی، ہندوستان کا ایک اور مکروہ فعل، قابض بھارتی فورسز کی 9 اپریل کو شوپیاں، جموں و کشمیر میں مسجد کی بے حرمتی کی، پاکستان کی بھارتی قابض فورسز کا مسجد پر بھاری ہتھیاروں، دستی بموں سے حملہ کی شدید مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کہتے ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسجد کی بے حرمتی ریاستی دہشتگردی ہے۔ بھارتی قابض فورسز کے نام نہاد آپریشنز میں معصوم کشمیری دہشتگردی کا نشانہ ہیں۔ ہندوستانی افواج کا غیر انسانی سلوک ان کے اخلاقی دیوالیہ پن کا عکاس ہے۔ واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں قابض فورسز کو کھلی چھوٹ ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ خطے میں آبادی کے عقائد، ثقافتی شناخت کو نشانہ بنانا عالمی قوانین، بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔تاریخ شاہد ہے کہ کشمیریوں کے خلاف وحشیانہ اور بلااشتعال طاقت کا استعمال کیا گیا۔ ہندوستان، کشمیریوں کے مذہبی مقامات کو نشانہ بنا کر عزم نہیں توڑ سکتا۔مستقبل میں بھی ہندوستان کی ایسی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔

ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان، حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ کشمیریوں کو اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیا جائے۔